Site uses cookies to provide basic functionality.

OK
JOEL
1 2 3
Prev Up Next
Chapter 1
Joel UrduGeo 1:1  ذیل میں رب کا وہ کلام ہے جو یوایل بن فتوایل پر نازل ہوا۔
Joel UrduGeo 1:2  اے بزرگو، سنو! اے ملک کے تمام باشندو، توجہ دو! جو کچھ اِن دنوں میں تمہیں پیش آیا ہے کیا وہ پہلے کبھی تمہیں یا تمہارے باپ دادا کو پیش آیا؟
Joel UrduGeo 1:3  اپنے بچوں کو اِس کے بارے میں بتاؤ، جو کچھ پیش آیا ہے اُس کی یاد نسل در نسل تازہ رہے۔
Joel UrduGeo 1:4  جو کچھ ٹڈی کے لاروے نے چھوڑ دیا اُسے بالغ ٹڈی کھا گئی، جو بالغ ٹڈی چھوڑ گئی اُسے ٹڈی کا بچہ کھا گیا، اور جو ٹڈی کا بچہ چھوڑ گیا اُسے جوان ٹڈی کھا گئی۔
Joel UrduGeo 1:5  اے نشے میں دُھت لوگو، جاگ اُٹھو اور رو پڑو! اے مَے پینے والو، واویلا کرو! کیونکہ نئی مَے تمہارے منہ سے چھین لی گئی ہے۔
Joel UrduGeo 1:6  ٹڈیوں کی زبردست اور اَن گنت قوم میرے ملک پر ٹوٹ پڑی ہے۔ اُن کے شیر کے سے دانت اور شیرنی کا سا جبڑا ہے۔
Joel UrduGeo 1:7  نتیجے میں میرے انگور کی بیلیں تباہ، میرے انجیر کے درخت ضائع ہو گئے ہیں۔ ٹڈیوں نے چھال کو بھی اُتار لیا، اب شاخیں سفید سفید نظر آتی ہیں۔
Joel UrduGeo 1:8  آہ و زاری کرو، ٹاٹ سے ملبّس اُس کنواری کی طرح گریہ کرو جس کا منگیتر انتقال کر گیا ہو۔
Joel UrduGeo 1:9  رب کے گھر میں غلہ اور مَے کی نذریں بند ہو گئی ہیں۔ امام جو رب کے خادم ہیں ماتم کر رہے ہیں۔
Joel UrduGeo 1:10  کھیت تباہ ہوئے، زمین جُھلس گئی ہے۔ اناج ختم، انگور ختم، زیتون ختم۔
Joel UrduGeo 1:11  اے کاشت کارو، شرم سار ہو جاؤ! اے انگور کے باغ بانو، آہ و بکا کرو! کیونکہ کھیت کی فصل برباد ہو گئی ہے، گندم اور جَو کی فصل ختم ہی ہے۔
Joel UrduGeo 1:12  انگور کی بیل سوکھ گئی، انجیر کا درخت مُرجھا گیا ہے۔ انار، کھجور، سیب بلکہ پھل لانے والے تمام درخت پژمُردہ ہو گئے ہیں۔ انسان کی تمام خوشی خاک میں ملائی گئی ہے۔
Joel UrduGeo 1:13  اے امامو، ٹاٹ کا لباس اوڑھ کر ماتم کرو! اے قربان گاہ کے خادمو، واویلا کرو! اے میرے خدا کے خادمو، آؤ، رات کو بھی ٹاٹ اوڑھ کر گزارو! کیونکہ تمہارے خدا کا گھر غلہ اور مَے کی نذروں سے محروم ہو گیا ہے۔
Joel UrduGeo 1:14  مُقدّس روزے کا اعلان کرو۔ لوگوں کو خاص اجتماع کے لئے بُلاؤ۔ بزرگوں اور ملک کے تمام باشندوں کو رب اپنے خدا کے گھر میں جمع کر کے بلند آواز سے رب سے التجا کرو۔
Joel UrduGeo 1:15  اُس دن پر افسوس! کیونکہ رب کا وہ دن قریب ہی ہے جب قادرِ مطلق ہم پر تباہی نازل کرے گا۔
Joel UrduGeo 1:16  کیا ایسا نہیں ہوا کہ ہمارے دیکھتے دیکھتے ہم سے خوراک چھین لی گئی، کہ اللہ کے گھر میں خوشی و شادمانی بند ہو گئی ہے؟
Joel UrduGeo 1:17  ڈھیلوں میں چھپے بیج جُھلس گئے ہیں، اِس لئے خالی گودام خستہ حال اور اناج کو محفوظ رکھنے کے مکان ٹوٹ پھوٹ گئے ہیں۔ اُن کی ضرورت نہیں رہی، کیونکہ غلہ سوکھ گیا ہے۔
Joel UrduGeo 1:18  ہائے، مویشی کیسی درد ناک آواز نکال رہے ہیں! گائےبَیل پریشانی سے اِدھر اُدھر پھر رہے ہیں، کیونکہ کہیں بھی چراگاہ نہیں ملتی۔ بھیڑبکریوں کو بھی تکلیف ہے۔
Joel UrduGeo 1:19  اے رب، مَیں تجھے پکارتا ہوں، کیونکہ کھلے میدان کی چراگاہیں نذرِ آتش ہو گئی ہیں، تمام درخت بھسم ہو گئے ہیں۔
Joel UrduGeo 1:20  جنگلی جانور بھی ہانپتے ہانپتے تیرے انتظار میں ہیں، کیونکہ ندیاں سوکھ گئی ہیں، اور کھلے میدان کی چراگاہیں نذرِ آتش ہو گئی ہیں۔