Site uses cookies to provide basic functionality.

OK
ISAIAH
Prev Up Next
Chapter 21
Isai UrduGeo 21:1  دلدل کے علاقے کے بارے میں اللہ کا فرمان: جس طرح دشتِ نجب میں طوفان کے تیز جھونکے بار بار آ پڑتے ہیں اُسی طرح آفت بیابان سے آئے گی، دشمن دہشت ناک ملک سے آ کر تجھ پر ٹوٹ پڑے گا۔
Isai UrduGeo 21:2  رب نے ہول ناک رویا میں مجھ پر ظاہر کیا ہے کہ نمک حرام اور ہلاکو حرکت میں آ گئے ہیں۔ اے عیلام چل، بابل پر حملہ کر! اے مادی اُٹھ، شہر کا محاصرہ کر! مَیں ہونے دوں گا کہ بابل کے مظلوموں کی آہیں بند ہو جائیں گی۔
Isai UrduGeo 21:3  اِس لئے میری کمر شدت سے لرزنے لگی ہے۔ دردِ زہ میں مبتلا عورت کی سی گھبراہٹ میری انتڑیوں کو مروڑ رہی ہے۔ جو کچھ مَیں نے سنا ہے اُس سے مَیں تڑپ اُٹھا ہوں، اور جو کچھ مَیں نے دیکھا ہے، اُس سے مَیں حواس باختہ ہو گیا ہوں۔
Isai UrduGeo 21:4  میرا دل دھڑک رہا ہے، کپکپی مجھ پر طاری ہو گئی ہے۔ پہلے شام کا دُھندلکا مجھے پیارا لگتا تھا، لیکن اب رویا کو دیکھ کر وہ میرے لئے دہشت کا باعث بن گیا ہے۔
Isai UrduGeo 21:5  تاہم بابل میں لوگ میز لگا کر قالین بچھا رہے ہیں۔ بےپروائی سے وہ کھانا کھا رہے اور مَے پی رہے ہیں۔ اے افسرو، اُٹھو! اپنی ڈھالوں پر تیل لگا کر لڑنے کے لئے تیار ہو جاؤ!
Isai UrduGeo 21:6  رب نے مجھے حکم دیا، ”جا کر پہرے دار کھڑا کر دے جو تجھے ہر نظر آنے والی چیز کی اطلاع دے۔
Isai UrduGeo 21:7  جوں ہی دو گھوڑوں والے رتھ یا گدھوں اور اونٹوں پر سوار آدمی دکھائی دیں تو خبردار! پہرے دار پوری توجہ دے۔“
Isai UrduGeo 21:8  تب پہرے دار شیرببر کی طرح پکار اُٹھا، ”میرے آقا، روز بہ روز مَیں پوری وفاداری سے اپنی بُرجی پر کھڑا رہا ہوں، اور راتوں مَیں تیار رہ کر یہاں پہرا داری کرتا آیا ہوں۔
Isai UrduGeo 21:9  اب وہ دیکھو! دو گھوڑوں والا رتھ آ رہا ہے جس پر آدمی سوار ہے۔ اب وہ جواب میں کہہ رہا ہے، ’بابل گر گیا، وہ گر گیا ہے! اُس کے تمام بُت چِکنا چُور ہو کر زمین پر بکھر گئے ہیں‘۔“
Isai UrduGeo 21:10  اے گاہنے کی جگہ پر کچلی ہوئی میری قوم! جو کچھ اسرائیل کے خدا، رب الافواج نے مجھے فرمایا ہے اُسے مَیں نے تمہیں سنا دیا ہے۔
Isai UrduGeo 21:11  ادوم کے بارے میں رب کا فرمان: سعیر کے پہاڑی علاقے سے کوئی مجھے آواز دیتا ہے، ”اے پہرے دار، صبح ہونے میں کتنی دیر باقی ہے؟ اے پہرے دار، صبح ہونے میں کتنی دیر باقی ہے؟“
Isai UrduGeo 21:12  پہرے دار جواب دیتا ہے، ”صبح ہونے والی ہے، لیکن رات بھی۔ اگر آپ مزید پوچھنا چاہیں تو دوبارہ آ کر پوچھ لیں۔“
Isai UrduGeo 21:13  ملکِ عرب کے بارے میں رب کا فرمان: اے ددانیوں کے قافلو، ملکِ عرب کے جنگل میں رات گزارو۔
Isai UrduGeo 21:14  اے ملکِ تیما کے باشندو، پانی لے کر پیاسوں سے ملنے جاؤ! پناہ گزینوں کے پاس جا کر اُنہیں روٹی کھلاؤ!
Isai UrduGeo 21:15  کیونکہ وہ تلوار سے لیس دشمن سے بھاگ رہے ہیں، ایسے لوگوں سے جو تلوار تھامے اور کمان تانے اُن سے سخت لڑائی لڑے ہیں۔
Isai UrduGeo 21:16  کیونکہ رب نے مجھ سے فرمایا، ”ایک سال کے اندر اندر قیدار کی تمام شان و شوکت ختم ہو جائے گی۔
Isai UrduGeo 21:17  قیدار کے زبردست تیراندازوں میں سے تھوڑے ہی بچ پائیں گے۔“ یہ رب، اسرائیل کے خدا کا فرمان ہے۔