Site uses cookies to provide basic functionality.

OK
DEUTERONOMY
Prev Up Next Toggle notes
Chapter 7
Deut UrduGeo 7:1  رب تیرا خدا تجھے اُس ملک میں لے جائے گا جس پر تُو جا کر قبضہ کرے گا۔ وہ تیرے سامنے سے بہت سی قومیں بھگا دے گا۔ گو یہ سات قومیں یعنی حِتّی، جرجاسی، اموری، کنعانی، فرِزّی، حِوّی اور یبوسی تعداد اور طاقت کے لحاظ سے تجھ سے بڑی ہوں گی
Deut UrduGeo 7:2  توبھی رب تیرا خدا اُنہیں تیرے حوالے کرے گا۔ جب تُو اُنہیں شکست دے گا تو اُن سب کو اُس کے لئے مخصوص کر کے ہلاک کر دینا ہے۔ نہ اُن کے ساتھ عہد باندھنا اور نہ اُن پر رحم کرنا۔
Deut UrduGeo 7:3  اُن میں سے کسی سے شادی نہ کرنا۔ نہ اپنی بیٹیوں کا رشتہ اُن کے بیٹوں کو دینا، نہ اپنے بیٹوں کا رشتہ اُن کی بیٹیوں سے کرنا۔
Deut UrduGeo 7:4  ورنہ وہ تمہارے بچوں کو میری پیروی سے دُور کریں گے اور وہ میری نہیں بلکہ اُن کے دیوتاؤں کی خدمت کریں گے۔ تب رب کا غضب تم پر نازل ہو کر جلدی سے تمہیں ہلاک کر دے گا۔
Deut UrduGeo 7:5  اِس لئے اُن کی قربان گاہیں ڈھا دینا۔ جن پتھروں کی وہ پوجا کرتے ہیں اُنہیں چِکنا چُور کر دینا، اُن کے یسیرت دیوی کے کھمبے کاٹ ڈالنا اور اُن کے بُت جلا دینا۔
Deut UrduGeo 7:6  کیونکہ تُو رب اپنے خدا کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔ اُس نے دنیا کی تمام قوموں میں سے تجھے چن کر اپنی قوم اور خاص ملکیت بنایا۔
Deut UrduGeo 7:7  رب نے کیوں تمہارے ساتھ تعلق قائم کیا اور تمہیں چن لیا؟ کیا اِس وجہ سے کہ تم تعداد میں دیگر قوموں کی نسبت زیادہ تھے؟ ہرگز نہیں! تم تو بہت کم تھے۔
Deut UrduGeo 7:8  بلکہ وجہ یہ تھی کہ رب نے تمہیں پیار کیا اور وہ وعدہ پورا کیا جو اُس نے قَسم کھا کر تمہارے باپ دادا کے ساتھ کیا تھا۔ اِسی لئے وہ فدیہ دے کر تمہیں بڑی قدرت سے مصر کی غلامی اور اُس ملک کے بادشاہ کے ہاتھ سے بچا لایا۔
Deut UrduGeo 7:9  چنانچہ جان لے کہ صرف رب تیرا خدا ہی خدا ہے۔ وہ وفادار خدا ہے۔ جو اُس سے محبت رکھتے اور اُس کے احکام پر عمل کرتے ہیں اُن کے ساتھ وہ اپنا عہد قائم رکھے گا اور اُن پر ہزار پُشتوں تک مہربانی کرے گا۔
Deut UrduGeo 7:10  لیکن اُس سے نفرت کرنے والوں کو وہ اُن کے رُوبرُو مناسب سزا دے کر برباد کرے گا۔ ہاں، جو اُس سے نفرت کرتے ہیں، اُن کے رُوبرُو وہ مناسب سزا دے گا اور جھجکے گا نہیں۔
Deut UrduGeo 7:11  چنانچہ دھیان سے اُن تمام احکام پر عمل کر جو مَیں آج تجھے دے رہا ہوں تاکہ تُو اُن کے مطابق زندگی گزارے۔
Deut UrduGeo 7:12  اگر تُو اُن پر توجہ دے اور احتیاط سے اُن پر چلے تو پھر رب تیرا خدا تیرے ساتھ اپنا عہد قائم رکھے گا اور تجھ پر مہربانی کرے گا، بالکل اُس وعدے کے مطابق جو اُس نے قَسم کھا کر تیرے باپ دادا سے کیا تھا۔
Deut UrduGeo 7:13  وہ تجھے پیار کرے گا اور تجھے اُس ملک میں برکت دے گا جو تجھے دینے کا وعدہ اُس نے قَسم کھا کر تیرے باپ دادا سے کیا تھا۔ تجھے بہت اولاد بخشنے کے علاوہ وہ تیرے کھیتوں کو برکت دے گا، اور تجھے کثرت کا اناج، انگور اور زیتون حاصل ہو گا۔ وہ تیرے ریوڑوں کو بھی برکت دے گا، اور تیرے گائےبَیلوں اور بھیڑبکریوں کی تعداد بڑھتی جائے گی۔
Deut UrduGeo 7:14  تجھے دیگر تمام قوموں کی نسبت کہیں زیادہ برکت ملے گی۔ نہ تجھ میں اور نہ تیرے مویشیوں میں بانجھ پن پایا جائے گا۔
Deut UrduGeo 7:15  رب ہر بیماری کو تجھ سے دُور رکھے گا۔ وہ تجھ میں وہ خطرناک وبائیں پھیلنے نہیں دے گا جن سے تُو مصر میں واقف ہوا بلکہ اُنہیں اُن میں پھیلائے گا جو تجھ سے نفرت رکھتے ہیں۔
Deut UrduGeo 7:16  جو بھی قومیں رب تیرا خدا تیرے ہاتھ میں کر دے گا اُنہیں تباہ کرنا لازم ہے۔ اُن پر رحم کی نگاہ سے نہ دیکھنا، نہ اُن کے دیوتاؤں کی خدمت کرنا، ورنہ تُو پھنس جائے گا۔
Deut UrduGeo 7:17  گو تیرا دل کہے، ”یہ قومیں ہم سے طاقت ور ہیں۔ ہم کس طرح اِنہیں نکال سکتے ہیں؟“
Deut UrduGeo 7:18  توبھی اُن سے نہ ڈر۔ وہی کچھ ذہن میں رکھ جو رب تیرے خدا نے فرعون اور پورے مصر کے ساتھ کیا۔
Deut UrduGeo 7:19  کیونکہ تُو نے اپنی آنکھوں سے رب اپنے خدا کی وہ بڑی آزمانے والی مصیبتیں اور معجزے، اُس کا وہ عظیم اختیار اور قدرت دیکھی جس سے وہ تجھے وہاں سے نکال لایا۔ وہی کچھ رب تیرا خدا اُن قوموں کے ساتھ بھی کرے گا جن سے تُو اِس وقت ڈرتا ہے۔
Deut UrduGeo 7:20  نہ صرف یہ بلکہ رب تیرا خدا اُن کے درمیان زنبور بھی بھیجے گا تاکہ وہ بھی تباہ ہو جائیں جو پہلے حملوں سے بچ کر چھپ گئے ہیں۔
Deut UrduGeo 7:21  اُن سے دہشت نہ کھا، کیونکہ رب تیرا خدا تیرے درمیان ہے۔ وہ عظیم خدا ہے جس سے سب خوف کھاتے ہیں۔
Deut UrduGeo 7:22  وہ رفتہ رفتہ اُن قوموں کو تیرے آگے سے بھگا دے گا۔ تُو اُنہیں ایک دم ختم نہیں کر سکے گا، ورنہ جنگلی جانور تیزی سے بڑھ کر تجھے نقصان پہنچائیں گے۔
Deut UrduGeo 7:23  رب تیرا خدا اُنہیں تیرے حوالے کر دے گا۔ وہ اُن میں اِتنی سخت افرا تفری پیدا کرے گا کہ وہ برباد ہو جائیں گے۔
Deut UrduGeo 7:24  وہ اُن کے بادشاہوں کو بھی تیرے قابو میں کر دے گا، اور تُو اُن کا نام و نشان مٹا دے گا۔ کوئی بھی تیرا سامنا نہیں کر سکے گا بلکہ تُو اُن سب کو برباد کر دے گا۔
Deut UrduGeo 7:25  اُن کے دیوتاؤں کے مجسمے جلا دینا۔ جو چاندی اور سونا اُن پر چڑھایا ہوا ہے اُس کا لالچ نہ کرنا۔ اُسے نہ لینا ورنہ تُو پھنس جائے گا۔ کیونکہ اِن چیزوں سے رب تیرے خدا کو گھن آتی ہے۔
Deut UrduGeo 7:26  اِس طرح کی مکروہ چیز اپنے گھر میں نہ لانا، ورنہ تجھے بھی اُس کے ساتھ الگ کر کے برباد کیا جائے گا۔ تیرے دل میں اُس سے شدید نفرت اور گھن ہو، کیونکہ اُسے پورے طور پر برباد کرنے کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔