Site uses cookies to provide basic functionality.

OK
DEUTERONOMY
Prev Up Next Toggle notes
Chapter 27
Deut UrduGeo 27:1  پھر موسیٰ نے بزرگوں سے مل کر قوم سے کہا، ”تمام ہدایات کے تابع رہو جو مَیں تمہیں آج دے رہا ہوں۔
Deut UrduGeo 27:2  جب تم دریائے یردن کو پار کر کے اُس ملک میں داخل ہو گے جو رب تیرا خدا تجھے دے رہا ہے تو وہاں بڑے پتھر کھڑے کر کے اُن پر سفیدی کر۔
Deut UrduGeo 27:3  اُن پر لفظ بہ لفظ پوری شریعت لکھ۔ دریا کو پار کرنے کے بعد یہی کچھ کر تاکہ تُو اُس ملک میں داخل ہو جو رب تیرا خدا تجھے دے گا اور جس میں دودھ اور شہد کی کثرت ہے۔ کیونکہ رب تیرے باپ دادا کے خدا نے یہ دینے کا تجھ سے وعدہ کیا ہے۔
Deut UrduGeo 27:4  چنانچہ یردن کو پار کر کے پتھروں کو عیبال پہاڑ پر کھڑا کرو اور اُن پر سفیدی کر۔
Deut UrduGeo 27:5  وہاں رب اپنے خدا کے لئے قربان گاہ بنانا۔ جو پتھر تُو اُس کے لئے استعمال کرے اُنہیں لوہے کے کسی اوزار سے نہ تراشنا۔
Deut UrduGeo 27:6  صرف سالم پتھر استعمال کر۔ قربان گاہ پر رب اپنے خدا کو بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کر۔
Deut UrduGeo 27:7  سلامتی کی قربانیاں بھی اُس پر چڑھا۔ اُنہیں وہاں رب اپنے خدا کے حضور کھا کر خوشی منا۔
Deut UrduGeo 27:8  وہاں کھڑے کئے گئے پتھروں پر شریعت کے تمام الفاظ صاف صاف لکھے جائیں۔“
Deut UrduGeo 27:9  پھر موسیٰ نے لاوی کے قبیلے کے اماموں سے مل کر تمام اسرائیلیوں سے کہا، ”اے اسرائیل، خاموشی سے سن۔ اب تُو رب اپنے خدا کی قوم بن گیا ہے،
Deut UrduGeo 27:10  اِس لئے اُس کا فرماں بردار رہ اور اُس کے اُن احکام پر عمل کر جو مَیں تجھے آج دے رہا ہوں۔“
Deut UrduGeo 27:11  اُسی دن موسیٰ نے اسرائیلیوں کو حکم دے کر کہا،
Deut UrduGeo 27:12  ”دریائے یردن کو پار کرنے کے بعد شمعون، لاوی، یہوداہ، اِشکار، یوسف اور بن یمین کے قبیلے گرزیم پہاڑ پر کھڑے ہو جائیں۔ وہاں وہ برکت کے الفاظ بولیں۔
Deut UrduGeo 27:13  باقی قبیلے یعنی روبن، جد، آشر، زبولون، دان اور نفتالی عیبال پہاڑ پر کھڑے ہو کر لعنت کے الفاظ بولیں۔
Deut UrduGeo 27:14  پھر لاوی تمام لوگوں سے مخاطب ہو کر اونچی آواز سے کہیں،
Deut UrduGeo 27:15  ’اُس پر لعنت جو بُت تراش کر یا ڈھال کر چپکے سے کھڑا کرے۔ رب کو کاری گر کے ہاتھوں سے بنی ہوئی ایسی چیز سے گھن ہے۔‘ جواب میں سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:16  پھر لاوی کہیں، ’اُس پر لعنت جو اپنے باپ یا ماں کی تحقیر کرے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:17  ’اُس پر لعنت جو اپنے پڑوسی کی زمین کی حدود آگے پیچھے کرے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:18  ’اُس پر لعنت جو کسی اندھے کی راہنمائی کر کے اُسے غلط راستے پر لے جائے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:19  ’اُس پر لعنت جو پردیسیوں، یتیموں یا بیواؤں کے حقوق قائم نہ رکھے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:20  ’اُس پر لعنت جو اپنے باپ کی بیوی سے ہم بستر ہو جائے، کیونکہ وہ اپنے باپ کی بےحرمتی کرتا ہے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:21  ’اُس پر لعنت جو جانور سے جنسی تعلق رکھے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:22  ’اُس پر لعنت جو اپنی سگی بہن، اپنے باپ کی بیٹی یا اپنی ماں کی بیٹی سے ہم بستر ہو جائے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:23  ’اُس پر لعنت جو اپنی ساس سے ہم بستر ہو جائے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:24  ’اُس پر لعنت جو چپکے سے اپنے ہم وطن کو قتل کر دے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:25  ’اُس پر لعنت جو پیسے لے کر کسی بےقصور شخص کو قتل کرے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘
Deut UrduGeo 27:26  ’اُس پر لعنت جو اِس شریعت کی باتیں قائم نہ رکھے، نہ اِن پر عمل کرے۔‘ سب لوگ کہیں، ’آمین!‘