Site uses cookies to provide basic functionality.

OK
EZEKIEL
Prev Up Next Toggle notes
Chapter 39
Ezek UrduGeo 39:1  اے آدم زاد، جوج کے خلاف نبوّت کر کے کہہ، ’رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اے مسک اور تُوبل کے اعلیٰ رئیس جوج، اب مَیں تجھ سے نپٹ لوں گا۔
Ezek UrduGeo 39:2  مَیں تیرا منہ پھیر دوں گا اور تجھے شمال کے دُوردراز علاقے سے گھسیٹ کر اسرائیل کے پہاڑوں پر لاؤں گا۔
Ezek UrduGeo 39:3  وہاں مَیں تیرے بائیں ہاتھ سے کمان ہٹاؤں گا اور تیرے دائیں ہاتھ سے تیر گرا دوں گا۔
Ezek UrduGeo 39:4  اسرائیل کے پہاڑوں پر ہی تُو اپنے تمام بین الاقوامی فوجیوں کے ساتھ ہلاک ہو جائے گا۔ مَیں تجھے ہر قسم کے شکاری پرندوں اور درندوں کو کھلا دوں گا۔
Ezek UrduGeo 39:5  کیونکہ تیری لاش کھلے میدان میں گر کر پڑی رہے گی۔ یہ میرا، رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔
Ezek UrduGeo 39:6  مَیں ماجوج پر اور اپنے آپ کو محفوظ سمجھنے والے ساحلی علاقوں پر آگ بھیجوں گا۔ تب وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔
Ezek UrduGeo 39:7  اپنی قوم اسرائیل کے درمیان ہی مَیں اپنا مُقدّس نام ظاہر کروں گا۔ آئندہ مَیں اپنے مُقدّس نام کی بےحرمتی برداشت نہیں کروں گا۔ تب اقوام جان لیں گی کہ مَیں رب اور اسرائیل کا قدوس ہوں۔
Ezek UrduGeo 39:8  رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ یہ سب کچھ ہونے والا ہے، یہ ضرور پیش آئے گا! وہی دن ہے جس کا ذکر مَیں کر چکا ہوں۔
Ezek UrduGeo 39:9  پھر اسرائیلی شہروں کے باشندے میدانِ جنگ میں جا کر دشمن کے اسلحہ کو ایندھن کے لئے جمع کریں گے۔ اِتنی چھوٹی اور بڑی ڈھالیں، کمان، تیر، لاٹھیاں اور نیزے اکٹھے ہو جائیں گے کہ سات سال تک کسی اَور ایندھن کی ضرورت نہیں ہو گی۔
Ezek UrduGeo 39:10  اسرائیلیوں کو کھلے میدان میں لکڑی چننے یا جنگل میں درخت کاٹنے کی ضرورت نہیں ہو گی، کیونکہ وہ یہ ہتھیار ایندھن کے طور پر استعمال کریں گے۔ اب وہ اُنہیں لُوٹیں گے جنہوں نے اُنہیں لُوٹ لیا تھا، وہ اُن سے مال مویشی چھین لیں گے جنہوں نے اُن سے سب کچھ چھین لیا تھا۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔
Ezek UrduGeo 39:11  اُس دن مَیں اسرائیل میں جوج کے لئے قبرستان مقرر کروں گا۔ یہ قبرستان وادیٔ عباریم میں ہو گا جو بحیرۂ مُردار کے مشرق میں ہے۔ جوج کے ساتھ اُس کی تمام فوج بھی دفن ہو گی، اِس لئے مسافر آئندہ اُس میں سے نہیں گزر سکیں گے۔ تب وہ جگہ وادیٔ ہمون جوج بھی کہلائے گی۔
Ezek UrduGeo 39:12  جب اسرائیلی تمام لاشیں دفنا کر ملک کو پاک صاف کریں گے تو سات مہینے لگیں گے۔
Ezek UrduGeo 39:13  تمام اُمّت اِس کام میں مصروف رہے گی۔ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ جس دن مَیں دنیا پر اپنا جلال ظاہر کروں گا اُس دن یہ اُن کے لئے شہرت کا باعث ہو گا۔
Ezek UrduGeo 39:14  سات مہینوں کے بعد کچھ آدمیوں کو الگ کر کے کہا جائے گا کہ پورے ملک میں سے گزر کر معلوم کریں کہ ابھی کہاں کہاں لاشیں پڑی ہیں۔ کیونکہ لازم ہے کہ سب دفن ہو جائیں تاکہ ملک دوبارہ پاک صاف ہو جائے۔
Ezek UrduGeo 39:15  جہاں کہیں کوئی لاش نظر آئے اُس جگہ کی وہ نشان دہی کریں گے تاکہ دفنانے والے اُسے وادیٔ ہمون جوج میں لے جا کر دفن کریں۔
Ezek UrduGeo 39:16  یوں ملک کو پاک صاف کیا جائے گا۔ اُس وقت سے اسرائیل کے ایک شہر کا نام ہمونہ کہلائے گا۔‘
Ezek UrduGeo 39:17  اے آدم زاد، رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ ہر قسم کے پرندے اور درندے بُلا کر کہہ، ’آؤ، اِدھر جمع ہو جاؤ! چاروں طرف سے آ کر اسرائیل کے پہاڑی علاقے میں جمع ہو جاؤ! کیونکہ یہاں مَیں تمہارے لئے قربانی کی زبردست ضیافت تیار کر رہا ہوں۔ یہاں تمہیں گوشت کھانے اور خون پینے کا سنہرا موقع ملے گا۔
Ezek UrduGeo 39:18  تم سورماؤں کا گوشت کھاؤ گے اور دنیا کے حکمرانوں کا خون پیو گے۔ سب بسن کے موٹے تازے مینڈھوں، بھیڑ کے بچوں، بکروں اور بَیلوں جیسے مزے دار ہوں گے۔
Ezek UrduGeo 39:19  کیونکہ جو قربانی مَیں تمہارے لئے تیار کر رہا ہوں اُس کی چربی تم جی بھر کر کھاؤ گے، اُس کا خون پی پی کر مست ہو جاؤ گے۔
Ezek UrduGeo 39:20  رب فرماتا ہے کہ تم میری میز پر بیٹھ کر گھوڑوں اور گھڑسواروں، سورماؤں اور ہر قسم کے فوجیوں سے سیر ہو جاؤ گے۔‘
Ezek UrduGeo 39:21  یوں مَیں دیگر اقوام پر اپنا جلال ظاہر کروں گا۔ کیونکہ جب مَیں جوج اور اُس کی فوج کی عدالت کر کے اُن سے نپٹ لوں گا تو تمام اقوام اِس کی گواہ ہوں گی۔
Ezek UrduGeo 39:22  تب اسرائیلی قوم ہمیشہ کے لئے جان لے گی کہ مَیں رب اُس کا خدا ہوں۔
Ezek UrduGeo 39:23  اور دیگر اقوام جان لیں گی کہ اسرائیلی اپنے گناہوں کے سبب سے جلاوطن ہوئے۔ وہ جان لیں گی کہ چونکہ اسرائیلی مجھ سے بےوفا ہوئے، اِسی لئے مَیں نے اپنا منہ اُن سے چھپا کر اُنہیں اُن کے دشمنوں کے حوالے کر دیا، اِسی لئے وہ سب تلوار کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔
Ezek UrduGeo 39:24  کیونکہ مَیں نے اُنہیں اُن کی ناپاکی اور جرائم کا مناسب بدلہ دے کر اپنا چہرہ اُن سے چھپا لیا تھا۔
Ezek UrduGeo 39:25  چنانچہ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اب مَیں یعقوب کی اولاد کو بحال کر کے تمام اسرائیلی قوم پر ترس کھاؤں گا۔ اب مَیں بڑی غیرت سے اپنے مُقدّس نام کا دفاع کروں گا۔
Ezek UrduGeo 39:26  جب اسرائیلی سکون سے اور خوف کھائے بغیر اپنے ملک میں رہیں گے تو وہ اپنی رُسوائی اور میرے ساتھ بےوفائی کا اعتراف کریں گے۔
Ezek UrduGeo 39:27  مَیں اُنہیں دیگر اقوام اور اُن کے دشمنوں کے ممالک میں سے جمع کر کے اُنہیں واپس لاؤں گا اور یوں اُن کے ذریعے اپنا مُقدّس کردار متعدد اقوام پر ظاہر کروں گا۔
Ezek UrduGeo 39:28  تب وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔ کیونکہ اُنہیں اقوام میں جلاوطن کرنے کے بعد مَیں اُنہیں اُن کے اپنے ہی ملک میں دوبارہ جمع کروں گا۔ ایک بھی پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔
Ezek UrduGeo 39:29  رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ آئندہ مَیں اپنا چہرہ اُن سے نہیں چھپاؤں گا۔ کیونکہ مَیں اپنا روح اسرائیلی قوم پر اُنڈیل دوں گا۔“