Site uses cookies to provide basic functionality.

OK
COLOSSIANS
Up
1 2 3 4
Chapter 1
Colo UrduGeo 1:1  یہ خط پولس کی طرف سے ہے جو اللہ کی مرضی سے مسیح عیسیٰ کا رسول ہے۔ ساتھ ہی یہ بھائی تیمُتھیُس کی طرف سے بھی ہے۔
Colo UrduGeo 1:2  مَیں کُلُسّے شہر کے مُقدّس بھائیوں کو لکھ رہا ہوں جو مسیح پر ایمان لائے ہیں: خدا ہمارا باپ آپ کو فضل اور سلامتی بخشے۔
Colo UrduGeo 1:3  جب ہم آپ کے لئے دعا کرتے ہیں تو ہر وقت خدا اپنے خداوند عیسیٰ مسیح کے باپ کا شکر کرتے ہیں،
Colo UrduGeo 1:4  کیونکہ ہم نے آپ کے مسیح عیسیٰ پر ایمان اور آپ کی تمام مُقدّسین سے محبت کے بارے میں سن لیا ہے۔
Colo UrduGeo 1:5  آپ کا یہ ایمان اور محبت وہ کچھ ظاہر کرتے ہیں جس کی آپ اُمید رکھتے ہیں اور جو آسمان پر آپ کے لئے محفوظ رکھا گیا ہے۔ اور آپ نے یہ اُمید اُس وقت سے رکھی ہے جب سے آپ نے پہلی مرتبہ سچائی کا کلام یعنی اللہ کی خوش خبری سنی۔
Colo UrduGeo 1:6  یہ پیغام جو آپ کے پاس پہنچ گیا پوری دنیا میں پھل لا رہا اور بڑھ رہا ہے، بالکل اُسی طرح جس طرح یہ آپ میں بھی اُس دن سے کام کر رہا ہے جب آپ نے پہلی بار اِسے سن کر اللہ کے فضل کی پوری حقیقت سمجھ لی۔
Colo UrduGeo 1:7  آپ نے ہمارے عزیز ہم خدمت اِپَفراس سے اِس خوش خبری کی تعلیم پا لی تھی۔ مسیح کا یہ وفادار خادم ہماری جگہ آپ کی خدمت کر رہا ہے۔
Colo UrduGeo 1:8  اُسی نے ہمیں آپ کی اُس محبت کے بارے میں بتایا جو روح القدس نے آپ کے دلوں میں ڈال دی ہے۔
Colo UrduGeo 1:9  اِس وجہ سے ہم آپ کے لئے دعا کرنے سے باز نہیں آئے بلکہ یہ مانگتے رہتے ہیں کہ اللہ آپ کو ہر روحانی حکمت اور سمجھ سے نواز کر اپنی مرضی کے علم سے بھر دے۔
Colo UrduGeo 1:10  کیونکہ پھر ہی آپ اپنی زندگی خداوند کے لائق گزار سکیں گے اور ہر طرح سے اُسے پسند آئیں گے۔ ہاں، آپ ہر قسم کا اچھا کام کر کے پھل لائیں گے اور اللہ کے علم و عرفان میں ترقی کریں گے۔
Colo UrduGeo 1:11  اور آپ اُس کی جلالی قدرت سے ملنے والی ہر قسم کی قوت سے تقویت پا کر ہر وقت ثابت قدمی اور صبر سے چل سکیں گے۔ آپ خوشی سے
Colo UrduGeo 1:12  باپ کا شکر کریں گے جس نے آپ کو اُس میراث میں حصہ لینے کے لائق بنا دیا جو اُس کے روشنی میں رہنے والے مُقدّسین کو حاصل ہے۔
Colo UrduGeo 1:13  کیونکہ وہی ہمیں تاریکی کے اختیار سے رِہائی دے کر اپنے پیارے فرزند کی بادشاہی میں لایا،
Colo UrduGeo 1:14  اُس واحد شخص کے اختیار میں جس نے ہمارا فدیہ دے کر ہمارے گناہوں کو معاف کر دیا۔
Colo UrduGeo 1:15  اللہ کو دیکھا نہیں جا سکتا، لیکن ہم مسیح کو دیکھ سکتے ہیں جو اللہ کی صورت اور کائنات کا پہلوٹھا ہے۔
Colo UrduGeo 1:16  کیونکہ اللہ نے اُسی میں سب کچھ خلق کیا، خواہ آسمان پر ہو یا زمین پر، آنکھوں کو نظر آئے یا نہ، خواہ شاہی تخت، قوتیں، حکمران یا اختیار والے ہوں۔ سب کچھ مسیح کے ذریعے اور اُسی کے لئے خلق ہوا۔
Colo UrduGeo 1:17  وہی سب چیزوں سے پہلے ہے اور اُسی میں سب کچھ قائم رہتا ہے۔
Colo UrduGeo 1:18  اور وہ بدن یعنی اپنی جماعت کا سر بھی ہے۔ وہی ابتدا ہے، اور چونکہ پہلے وہی مُردوں میں سے جی اُٹھا اِس لئے وہی اُن میں سے پہلوٹھا بھی ہے تاکہ وہ سب باتوں میں اوّل ہو۔
Colo UrduGeo 1:19  کیونکہ اللہ کو پسند آیا کہ مسیح میں اُس کی پوری معموری سکونت کرے
Colo UrduGeo 1:20  اور وہ مسیح کے ذریعے سب باتوں کی اپنے ساتھ صلح کرا لے، خواہ وہ زمین کی ہوں خواہ آسمان کی۔ کیونکہ اُس نے مسیح کے صلیب پر بہائے گئے خون کے وسیلے سے صلح سلامتی قائم کی۔
Colo UrduGeo 1:21  آپ بھی پہلے اللہ کے سامنے اجنبی تھے اور دشمن کی سی سوچ رکھ کر بُرے کام کرتے تھے۔
Colo UrduGeo 1:22  لیکن اب اُس نے مسیح کے انسانی بدن کی موت سے آپ کے ساتھ صلح کر لی ہے تاکہ وہ آپ کو مُقدّس، بےداغ اور بےالزام حالت میں اپنے حضور کھڑا کرے۔
Colo UrduGeo 1:23  بےشک اب ضروری ہے کہ آپ ایمان میں قائم رہیں، کہ آپ ٹھوس بنیاد پر مضبوطی سے کھڑے رہیں اور اُس خوش خبری کی اُمید سے ہٹ نہ جائیں جو آپ نے سن لی ہے۔ یہ وہی پیغام ہے جس کی منادی دنیا میں ہر مخلوق کے سامنے کر دی گئی ہے اور جس کا خادم مَیں پولس بن گیا ہوں۔
Colo UrduGeo 1:24  اب مَیں اُن دُکھوں کے باعث خوشی مناتا ہوں جو مَیں آپ کی خاطر اُٹھا رہا ہوں۔ کیونکہ مَیں اپنے جسم میں مسیح کے بدن یعنی اُس کی جماعت کی خاطر مسیح کی مصیبتوں کی وہ کمیاں پوری کر رہا ہوں جو اب تک رہ گئی ہیں۔
Colo UrduGeo 1:25  ہاں، اللہ نے مجھے اپنی جماعت کا خادم بنا کر یہ ذمہ داری دی کہ مَیں آپ کو اللہ کا پورا کلام سنا دوں،
Colo UrduGeo 1:26  وہ راز جو ازل سے تمام گزری نسلوں سے پوشیدہ رہا تھا لیکن اب مُقدّسین پر ظاہر کیا گیا ہے۔
Colo UrduGeo 1:27  کیونکہ اللہ چاہتا تھا کہ وہ جان لیں کہ غیریہودیوں میں یہ راز کتنا بیش قیمت اور جلالی ہے۔ اور یہ راز ہے کیا؟ یہ کہ مسیح آپ میں ہے۔ وہی آپ میں ہے جس کے باعث ہم اللہ کے جلال میں شریک ہونے کی اُمید رکھتے ہیں۔
Colo UrduGeo 1:28  یوں ہم سب کو مسیح کا پیغام سناتے ہیں۔ ہر ممکنہ حکمت سے ہم اُنہیں سمجھاتے اور تعلیم دیتے ہیں تاکہ ہر ایک کو مسیح میں کامل حالت میں اللہ کے حضور پیش کریں۔
Colo UrduGeo 1:29  یہی مقصد پورا کرنے کے لئے مَیں سخت محنت کرتا ہوں۔ ہاں، مَیں پوری جد و جہد کر کے مسیح کی اُس قوت کا سہارا لیتا ہوں جو بڑے زور سے میرے اندر کام کر رہی ہے۔
Chapter 2
Colo UrduGeo 2:1  مَیں چاہتا ہوں کہ آپ جان لیں کہ مَیں آپ کے لئے کس قدر جاں فشانی کر رہا ہوں — آپ کے لئے، لودیکیہ والوں کے لئے اور اُن تمام ایمان داروں کے لئے بھی جن کی میرے ساتھ ملاقات نہیں ہوئی۔
Colo UrduGeo 2:2  میری کوشش یہ ہے کہ اُن کی دلی حوصلہ افزائی کی جائے اور وہ محبت میں ایک ہو جائیں، کہ اُنہیں وہ ٹھوس اعتماد حاصل ہو جائے جو پوری سمجھ سے پیدا ہوتا ہے۔ کیونکہ مَیں چاہتا ہوں کہ وہ اللہ کا راز جان لیں۔ راز کیا ہے؟ مسیح خود۔
Colo UrduGeo 2:3  اُسی میں حکمت اور علم و عرفان کے تمام خزانے پوشیدہ ہیں۔
Colo UrduGeo 2:4  غرض خبردار رہیں کہ کوئی آپ کو بظاہر صحیح اور میٹھے میٹھے الفاظ سے دھوکا نہ دے۔
Colo UrduGeo 2:5  کیونکہ گو مَیں جسم کے لحاظ سے حاضر نہیں ہوں، لیکن روح میں مَیں آپ کے ساتھ ہوں۔ اور مَیں یہ دیکھ کر خوش ہوں کہ آپ کتنی منظم زندگی گزارتے ہیں، کہ آپ کا مسیح پر ایمان کتنا پختہ ہے۔
Colo UrduGeo 2:6  آپ نے عیسیٰ مسیح کو خداوند کے طور پر قبول کر لیا ہے۔ اب اُس میں زندگی گزاریں۔
Colo UrduGeo 2:7  اُس میں جڑ پکڑیں، اُس پر اپنی زندگی تعمیر کریں، اُس ایمان میں مضبوط رہیں جس کی آپ کو تعلیم دی گئی ہے اور شکرگزاری سے لبریز ہو جائیں۔
Colo UrduGeo 2:8  محتاط رہیں کہ کوئی آپ کو فلسفیانہ اور محض فریب دینے والی باتوں سے اپنے جال میں نہ پھنسا لے۔ ایسی باتوں کا سرچشمہ مسیح نہیں بلکہ انسانی روایتیں اور اِس دنیا کی قوتیں ہیں۔
Colo UrduGeo 2:9  کیونکہ مسیح میں الوہیت کی ساری معموری مجسم ہو کر سکونت کرتی ہے۔
Colo UrduGeo 2:10  اور آپ کو جو مسیح میں ہیں اُس کی معموری میں شریک کر دیا گیا ہے۔ وہی ہر حکمران اور اختیار والے کا سر ہے۔
Colo UrduGeo 2:11  اُس میں آتے وقت آپ کا ختنہ بھی کروایا گیا۔ لیکن یہ ختنہ انسانی ہاتھوں سے نہیں کیا گیا بلکہ مسیح کے وسیلے سے۔ اُس وقت آپ کی پرانی فطرت اُتار دی گئی،
Colo UrduGeo 2:12  آپ کو بپتسمہ دے کر مسیح کے ساتھ دفنایا گیا اور آپ کو ایمان سے زندہ کر دیا گیا۔ کیونکہ آپ اللہ کی قدرت پر ایمان لائے تھے، اُسی قدرت پر جس نے مسیح کو مُردوں میں سے زندہ کر دیا تھا۔
Colo UrduGeo 2:13  پہلے آپ اپنے گناہوں اور نامختون جسمانی حالت کے سبب سے مُردہ تھے، لیکن اب اللہ نے آپ کو مسیح کے ساتھ زندہ کر دیا ہے۔ اُس نے ہمارے تمام گناہوں کو معاف کر دیا ہے۔
Colo UrduGeo 2:14  ہمارے قرض کی جو رسید اپنی شرائط کی بنا پر ہمارے خلاف تھی اُسے اُس نے منسوخ کر دیا۔ ہاں، اُس نے ہم سے دُور کر کے اُسے کیلوں سے صلیب پر جڑ دیا۔
Colo UrduGeo 2:15  اُس نے حکمرانوں اور اختیار والوں سے اُن کا اسلحہ چھین کر سب کے سامنے اُن کی رُسوائی کی۔ ہاں، مسیح کی صلیبی موت سے وہ اللہ کے قیدی بن گئے اور اُنہیں فتح کے جلوس میں اُس کے پیچھے پیچھے چلنا پڑا۔
Colo UrduGeo 2:16  چنانچہ کوئی آپ کو اِس وجہ سے مجرم نہ ٹھہرائے کہ آپ کیا کیا کھاتے پیتے یا کون کون سی عیدیں مناتے ہیں۔ اِسی طرح کوئی آپ کی عدالت نہ کرے اگر آپ ہلال کی عید یا سبت کا دن نہیں مناتے۔
Colo UrduGeo 2:17  یہ چیزیں تو صرف آنے والی حقیقت کا سایہ ہی ہیں جبکہ یہ حقیقت خود مسیح میں پائی جاتی ہے۔
Colo UrduGeo 2:18  ایسے لوگ آپ کو مجرم نہ ٹھہرائیں جو ظاہری فروتنی اور فرشتوں کی پوجا پر اصرار کرتے ہیں۔ بڑی تفصیل سے اپنی رویاؤں میں دیکھی ہوئی باتیں بیان کرتے کرتے اُن کے غیرروحانی ذہن خواہ مخواہ پھول جاتے ہیں۔
Colo UrduGeo 2:19  یوں اُنہوں نے مسیح کے ساتھ لگے رہنا چھوڑ دیا اگرچہ وہ بدن کا سر ہے۔ وہی جوڑوں اور پٹھوں کے ذریعے پورے بدن کو سہارا دے کر اُس کے مختلف حصوں کو جوڑ دیتا ہے۔ یوں پورا بدن اللہ کی مدد سے ترقی کرتا جاتا ہے۔
Colo UrduGeo 2:20  آپ تو مسیح کے ساتھ مر کر دنیا کی قوتوں سے آزاد ہو گئے ہیں۔ اگر ایسا ہے تو آپ زندگی ایسے کیوں گزارتے ہیں جیسے کہ آپ ابھی تک اِس دنیا کی ملکیت ہیں؟ آپ کیوں اِس کے احکام کے تابع رہتے ہیں؟
Colo UrduGeo 2:21  مثلاً ”اِسے ہاتھ نہ لگانا، وہ نہ چکھنا، یہ نہ چھونا۔“
Colo UrduGeo 2:22  اِن تمام چیزوں کا مقصد تو یہ ہے کہ استعمال ہو کر ختم ہو جائیں۔ یہ صرف انسانی احکام اور تعلیمات ہیں۔
Colo UrduGeo 2:23  بےشک یہ احکام جو گھڑے ہوئے مذہبی فرائض، نام نہاد فروتنی اور جسم کے سخت دباؤ کا تقاضا کرتے ہیں حکمت پر مبنی تو لگتے ہیں، لیکن یہ بےکار ہیں اور صرف جسم ہی کی خواہشات پوری کرتے ہیں۔
Chapter 3
Colo UrduGeo 3:1  آپ کو مسیح کے ساتھ زندہ کر دیا گیا ہے، اِس لئے وہ کچھ تلاش کریں جو آسمان پر ہے جہاں مسیح اللہ کے دہنے ہاتھ بیٹھا ہے۔
Colo UrduGeo 3:2  دنیاوی چیزوں کو اپنے خیالوں کا مرکز نہ بنائیں بلکہ آسمانی چیزوں کو۔
Colo UrduGeo 3:3  کیونکہ آپ مر گئے ہیں اور اب آپ کی زندگی مسیح کے ساتھ اللہ میں پوشیدہ ہے۔
Colo UrduGeo 3:4  مسیح ہی آپ کی زندگی ہے۔ جب وہ ظاہر ہو جائے گا تو آپ بھی اُس کے ساتھ ظاہر ہو کر اُس کے جلال میں شریک ہو جائیں گے۔
Colo UrduGeo 3:5  چنانچہ اُن دنیاوی چیزوں کو مار ڈالیں جو آپ کے اندر کام کر رہی ہیں: زناکاری، ناپاکی، شہوت پرستی، بُری خواہشات اور لالچ (لالچ تو ایک قسم کی بُت پرستی ہے)۔
Colo UrduGeo 3:6  اللہ کا غضب ایسی ہی باتوں کی وجہ سے نازل ہو گا۔
Colo UrduGeo 3:7  ایک وقت تھا جب آپ بھی اِن کے مطابق زندگی گزارتے تھے، جب آپ کی زندگی اِن کے قابو میں تھی۔
Colo UrduGeo 3:8  لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ آپ یہ سب کچھ یعنی غصہ، طیش، بدسلوکی، بہتان اور گندی زبان خستہ حال کپڑے کی طرح اُتار کر پھینک دیں۔
Colo UrduGeo 3:9  ایک دوسرے سے بات کرتے وقت جھوٹ مت بولنا، کیونکہ آپ نے اپنی پرانی فطرت اُس کی حرکتوں سمیت اُتار دی ہے۔
Colo UrduGeo 3:10  ساتھ ساتھ آپ نے نئی فطرت پہن لی ہے، وہ فطرت جس کی تجدید ہمارا خالق اپنی صورت پر کرتا جا رہا ہے تاکہ آپ اُسے اَور بہتر طور پر جان لیں۔
Colo UrduGeo 3:11  جہاں یہ کام ہو رہا ہے وہاں لوگوں میں کوئی فرق نہیں ہے، خواہ کوئی غیریہودی ہو یا یہودی، مختون ہو یا نامختون، غیریونانی ہو یا سکوتی، غلام ہو یا آزاد۔ کوئی فرق نہیں پڑتا، صرف مسیح ہی سب کچھ اور سب میں ہے۔
Colo UrduGeo 3:12  اللہ نے آپ کو چن کر اپنے لئے مخصوص و مُقدّس کر لیا ہے۔ وہ آپ سے محبت رکھتا ہے۔ اِس لئے اب ترس، نیکی، فروتنی، نرم دلی اور صبر کو پہن لیں۔
Colo UrduGeo 3:13  ایک دوسرے کو برداشت کریں، اور اگر آپ کی کسی سے شکایت ہو تو اُسے معاف کر دیں۔ ہاں، یوں معاف کریں جس طرح خداوند نے آپ کو معاف کر دیا ہے۔
Colo UrduGeo 3:14  اِن کے علاوہ محبت بھی پہن لیں جو سب کچھ باندھ کر کاملیت کی طرف لے جاتی ہے۔
Colo UrduGeo 3:15  مسیح کی سلامتی آپ کے دلوں میں حکومت کرے۔ کیونکہ اللہ نے آپ کو اِسی سلامتی کی زندگی گزارنے کے لئے بُلا کر ایک بدن میں شامل کر دیا ہے۔ شکرگزار بھی رہیں۔
Colo UrduGeo 3:16  آپ کی زندگی میں مسیح کے کلام کی پوری دولت گھر کر جائے۔ ایک دوسرے کو ہر طرح کی حکمت سے تعلیم دیتے اور سمجھاتے رہیں۔ ساتھ ساتھ اپنے دلوں میں اللہ کے لئے شکرگزاری کے ساتھ زبور، حمد و ثنا اور روحانی گیت گاتے رہیں۔
Colo UrduGeo 3:17  اور جو کچھ بھی آپ کریں خواہ زبانی ہو یا عملی وہ خداوند عیسیٰ کا نام لے کر کریں۔ ہر کام میں اُسی کے وسیلے سے خدا باپ کا شکر کریں۔
Colo UrduGeo 3:18  بیویو، اپنے شوہر کے تابع رہیں، کیونکہ جو خداوند میں ہے اُس کے لئے یہی مناسب ہے۔
Colo UrduGeo 3:19  شوہرو، اپنی بیویوں سے محبت رکھیں۔ اُن سے تلخ مزاجی سے پیش نہ آئیں۔
Colo UrduGeo 3:20  بچو، ہر بات میں اپنے ماں باپ کے تابع رہیں، کیونکہ یہی خداوند کو پسند ہے۔
Colo UrduGeo 3:21  والدو، اپنے بچوں کو مشتعل نہ کریں، ورنہ وہ بےدل ہو جائیں گے۔
Colo UrduGeo 3:22  غلامو، ہر بات میں اپنے دنیاوی مالکوں کے تابع رہیں۔ نہ صرف اُن کے سامنے ہی اور اُنہیں خوش رکھنے کے لئے خدمت کریں بلکہ خلوص دلی اور خداوند کا خوف مان کر کام کریں۔
Colo UrduGeo 3:23  جو کچھ بھی آپ کرتے ہیں اُسے پوری لگن کے ساتھ کریں، اِس طرح جیسا کہ آپ نہ صرف انسانوں کی بلکہ خداوند کی خدمت کر رہے ہوں۔
Colo UrduGeo 3:24  آپ تو جانتے ہیں کہ خداوند آپ کو اِس کے معاوضے میں وہ میراث دے گا جس کا وعدہ اُس نے کیا ہے۔ حقیقت میں آپ خداوند مسیح کی ہی خدمت کر رہے ہیں۔
Colo UrduGeo 3:25  لیکن جو غلط کام کرے اُسے اپنی غلطیوں کا معاوضہ بھی ملے گا۔ اللہ تو کسی کی بھی جانب داری نہیں کرتا۔
Chapter 4
Colo UrduGeo 4:1  مالکو، اپنے غلاموں کے ساتھ منصفانہ اور جائز سلوک کریں۔ آپ تو جانتے ہیں کہ آسمان پر آپ کا بھی مالک ہے۔
Colo UrduGeo 4:2  دعا میں لگے رہیں۔ اور دعا کرتے وقت شکرگزاری کے ساتھ جاگتے رہیں۔
Colo UrduGeo 4:3  ساتھ ساتھ ہمارے لئے بھی دعا کریں تاکہ اللہ ہمارے لئے کلام سنانے کا دروازہ کھولے اور ہم مسیح کا راز پیش کر سکیں۔ آخر مَیں اِسی راز کی وجہ سے قید میں ہوں۔
Colo UrduGeo 4:4  دعا کریں کہ مَیں اِسے یوں پیش کروں جس طرح کرنا چاہئے، کہ اِسے صاف سمجھا جا سکے۔
Colo UrduGeo 4:5  جو اب تک ایمان نہ لائے ہوں اُن کے ساتھ دانش مندانہ سلوک کریں۔ اِس سلسلے میں ہر موقع سے فائدہ اُٹھائیں۔
Colo UrduGeo 4:6  آپ کی گفتگو ہر وقت مہربان ہو، ایسی کہ مزہ آئے اور آپ ہر ایک کو مناسب جواب دے سکیں۔
Colo UrduGeo 4:7  جہاں تک میرا تعلق ہے ہمارا عزیز بھائی تُخِکُس آپ کو سب کچھ بتا دے گا۔ وہ ایک وفادار خادم اور خداوند میں ہم خدمت رہا ہے۔
Colo UrduGeo 4:8  مَیں نے اُسے خاص کر اِس لئے آپ کے پاس بھیج دیا تاکہ آپ کو ہمارا حال معلوم ہو جائے اور وہ آپ کی حوصلہ افزائی کرے۔
Colo UrduGeo 4:9  وہ ہمارے وفادار اور عزیز بھائی اُنیسمس کے ساتھ آپ کے پاس آ رہا ہے، وہی جو آپ کی جماعت سے ہے۔ دونوں آپ کو وہ سب کچھ سنا دیں گے جو یہاں ہو رہا ہے۔
Colo UrduGeo 4:10  ارسترخس جو میرے ساتھ قید میں ہے آپ کو سلام کہتا ہے اور اِسی طرح برنباس کا کزن مرقس بھی۔ (آپ کو اُس کے بارے میں ہدایات دی گئی ہیں۔ جب وہ آپ کے پاس آئے تو اُسے خوش آمدید کہنا۔)
Colo UrduGeo 4:11  عیسیٰ جو یُوستس کہلاتا ہے بھی آپ کو سلام کہتا ہے۔ اُن میں سے جو میرے ساتھ اللہ کی بادشاہی میں خدمت کر رہے ہیں صرف یہ تین مرد یہودی ہیں۔ اور یہ میرے لئے تسلی کا باعث رہے ہیں۔
Colo UrduGeo 4:12  مسیح عیسیٰ کا خادم اِپَفراس بھی جو آپ کی جماعت سے ہے سلام کہتا ہے۔ وہ ہر وقت بڑی جد و جہد کے ساتھ آپ کے لئے دعا کرتا ہے۔ اُس کی خاص دعا یہ ہے کہ آپ مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہیں، کہ آپ بالغ مسیحی بن کر ہر بات میں اللہ کی مرضی کے مطابق چلیں۔
Colo UrduGeo 4:13  مَیں خود اِس کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ اُس نے آپ کے لئے سخت محنت کی ہے بلکہ لودیکیہ اور ہیراپلس کی جماعتوں کے لئے بھی۔
Colo UrduGeo 4:14  ہمارے عزیز ڈاکٹر لوقا اور دیماس آپ کو سلام کہتے ہیں۔
Colo UrduGeo 4:15  میرا سلام لودیکیہ کی جماعت کو دینا اور اِسی طرح نُمفاس کو اُس جماعت سمیت جو اُس کے گھر میں جمع ہوتی ہے۔
Colo UrduGeo 4:16  یہ پڑھنے کے بعد دھیان دیں کہ لودیکیہ کی جماعت میں بھی یہ خط پڑھا جائے اور آپ لودیکیہ کا خط بھی پڑھیں۔
Colo UrduGeo 4:17  ارخپس کو بتا دینا، خبردار کہ آپ وہ خدمت تکمیل تک پہنچائیں جو آپ کو خداوند میں سونپی گئی ہے۔
Colo UrduGeo 4:18  مَیں اپنے ہاتھ سے یہ الفاظ لکھ رہا ہوں۔ میری یعنی پولس کی طرف سے سلام۔ میری زنجیریں مت بھولنا! اللہ کا فضل آپ کے ساتھ ہوتا رہے۔