Site uses cookies to provide basic functionality.

OK
AMOS
Up
1 2 3 4 5 6 7 8 9
Toggle notes
Chapter 1
Amos UrduGeo 1:1  ذیل میں عاموس کے پیغامات قلم بند ہیں۔ عاموس تقوع شہر کا گلہ بان تھا۔ زلزلے سے دو سال پہلے اُس نے اسرائیل کے بارے میں رویا میں یہ کچھ دیکھا۔ اُس وقت عُزیّاہ یہوداہ کا اور یرُبعام بن یوآس اسرائیل کا بادشاہ تھا۔
Amos UrduGeo 1:2  عاموس بولا، ”رب کوہِ صیون پر سے دہاڑتا ہے، اُس کی گرجتی آواز یروشلم سے سنائی دیتی ہے۔ تب گلہ بانوں کی چراگاہیں سوکھ جاتی ہیں اور کرمل کی چوٹی پر جنگل مُرجھا جاتا ہے۔“
Amos UrduGeo 1:3  رب فرماتا ہے، ”دمشق کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے جِلعاد کو گاہنے کے آہنی اوزار سے خوب کوٹ کر گاہ لیا ہے۔
Amos UrduGeo 1:4  چنانچہ مَیں حزائیل کے گھرانے پر آگ نازل کروں گا، اور بن ہدد کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔
Amos UrduGeo 1:5  مَیں دمشق کے کنڈے کو توڑ کر بِقعت آون اور بیت عدن کے حکمرانوں کو موت کے گھاٹ اُتاروں گا۔ اَرام کی قوم جلاوطن ہو کر قیر میں جا بسے گی۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔
Amos UrduGeo 1:6  رب فرماتا ہے، ”غزہ کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے پوری آبادیوں کو جلاوطن کر کے ادوم کے حوالے کر دیا ہے۔
Amos UrduGeo 1:7  چنانچہ مَیں غزہ کی فصیل پر آگ نازل کروں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔
Amos UrduGeo 1:8  اشدود اور اسقلون کے حکمرانوں کو مَیں مار ڈالوں گا، عقرون پر بھی حملہ کروں گا۔ تب بچے کھچے فلستی بھی ہلاک ہو جائیں گے۔“ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔
Amos UrduGeo 1:9  رب فرماتا ہے، ”صور کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے برادرانہ عہد کا لحاظ نہ کیا بلکہ پوری آبادیوں کو جلاوطن کر کے ادوم کے حوالے کر دیا۔
Amos UrduGeo 1:10  چنانچہ مَیں صور کی فصیل پر آگ نازل کروں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔“
Amos UrduGeo 1:11  رب فرماتا ہے، ”ادوم کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے اپنے اسرائیلی بھائیوں کو تلوار سے مار مار کر اُن کا تعاقب کیا اور سختی سے اُن پر رحم کرنے سے انکار کیا۔ اُن کا قہر بھڑکتا رہا، اُن کا طیش کبھی ٹھنڈا نہ ہوا۔
Amos UrduGeo 1:12  چنانچہ مَیں تیمان پر آگ نازل کروں گا، اور بُصرہ کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔“
Amos UrduGeo 1:13  رب فرماتا ہے، ”عمون کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اپنی سرحدوں کو بڑھانے کے لئے اُنہوں نے جِلعاد کی حاملہ عورتوں کے پیٹ چیر ڈالے۔
Amos UrduGeo 1:14  چنانچہ مَیں ربّہ کی فصیل کو آگ لگا دوں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔ جنگ کے اُس دن ہر طرف فوجیوں کے نعرے بلند ہو جائیں گے، طوفان کے اُس دن اُن پر سخت آندھی ٹوٹ پڑے گی۔
Amos UrduGeo 1:15  اُن کا بادشاہ اپنے افسروں سمیت قیدی بن کر جلاوطن ہو جائے گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔
Chapter 2
Amos UrduGeo 2:1  رب فرماتا ہے، ”موآب کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے ادوم کے بادشاہ کی ہڈیوں کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔
Amos UrduGeo 2:2  چنانچہ مَیں ملکِ موآب پر آگ نازل کروں گا، اور قریوت کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔ جنگ کا شور شرابہ مچے گا، فوجیوں کے نعرے بلند ہو جائیں گے، نرسنگا پھونکا جائے گا۔ تب موآب ہلاک ہو جائے گا۔
Amos UrduGeo 2:3  مَیں اُس کے حکمران کو اُس کے تمام افسروں سمیت ہلاک کر دوں گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔
Amos UrduGeo 2:4  رب فرماتا ہے، ”یہوداہ کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے رب کی شریعت کو رد کر کے اُس کے احکام پر عمل نہیں کیا۔ اُن کے جھوٹے دیوتا اُنہیں غلط راہ پر لے گئے ہیں، وہ دیوتا جن کی پیروی اُن کے باپ دادا بھی کرتے رہے۔
Amos UrduGeo 2:5  چنانچہ مَیں یہوداہ پر آگ نازل کروں گا، اور یروشلم کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔“
Amos UrduGeo 2:6  رب فرماتا ہے، ”اسرائیل کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ وہ شریف لوگوں کو پیسے کے لئے بیچتے اور ضرورت مندوں کو فروخت کرتے ہیں تاکہ ایک جوڑی جوتا مل جائے۔
Amos UrduGeo 2:7  وہ غریبوں کے سر کو زمین پر کچل دیتے، مصیبت زدوں کو انصاف ملنے سے روکتے ہیں۔ باپ اور بیٹا دونوں ایک ہی کسبی کے پاس جا کر میرے نام کی بےحرمتی کرتے ہیں۔
Amos UrduGeo 2:8  جب کبھی کسی قربان گاہ کے پاس پوجا کرنے جاتے ہیں تو ایسے کپڑوں پر آرام کرتے ہیں جو قرض داروں نے ضمانت کے طور پر دیئے تھے۔ جب کبھی اپنے دیوتا کے مندر میں جاتے تو ایسے پیسوں سے مَے خرید کر پیتے ہیں جو جرمانہ کے طور پر ضرورت مندوں سے مل گئے تھے۔
Amos UrduGeo 2:9  یہ کیسی بات ہے؟ مَیں ہی نے اموریوں کو اُن کے آگے آگے نیست کر دیا تھا، حالانکہ وہ دیودار کے درختوں جیسے لمبے اور بلوط کے درختوں جیسے طاقت ور تھے۔ مَیں ہی نے اموریوں کو جڑوں اور پھل سمیت مٹا دیا تھا۔
Amos UrduGeo 2:10  اِس سے پہلے مَیں ہی تمہیں مصر سے نکال لایا، مَیں ہی نے چالیس سال تک ریگستان میں تمہاری راہنمائی کرتے کرتے تمہیں اموریوں کے ملک تک پہنچایا تاکہ اُس پر قبضہ کرو۔
Amos UrduGeo 2:11  مَیں ہی نے تمہارے بیٹوں میں سے نبی برپا کئے، اور مَیں ہی نے تمہارے نوجوانوں میں سے کچھ چن لئے تاکہ اپنی خدمت کے لئے مخصوص کروں۔“ رب فرماتا ہے، ”اے اسرائیلیو، کیا ایسا نہیں تھا؟
Amos UrduGeo 2:12  لیکن تم نے میرے لئے مخصوص آدمیوں کو مَے پلائی اور نبیوں کو حکم دیا کہ نبوّت مت کرو۔
Amos UrduGeo 2:13  اب مَیں ہونے دوں گا کہ تم اناج سے خوب لدی ہوئی بَیل گاڑی کی طرح جھولنے لگو گے۔
Amos UrduGeo 2:14  نہ تیز رَو شخص بھاگ کر بچے گا، نہ طاقت ور آدمی کچھ کر پائے گا۔ نہ سورما اپنی جان بچائے گا،
Amos UrduGeo 2:15  نہ تیر چلانے والا قائم رہے گا۔ کوئی نہیں بچے گا، خواہ پیدل دوڑنے والا ہو یا گھوڑے پر سوار۔
Amos UrduGeo 2:16  اُس دن سب سے بہادر سورما بھی ہتھیار ڈال کر ننگی حالت میں بھاگ جائے گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔
Chapter 3
Amos UrduGeo 3:1  اے اسرائیلیو، وہ کلام سنو جو رب تمہارے خلاف فرماتا ہے، اُس پوری قوم کے خلاف جسے مَیں مصر سے نکال لایا تھا۔
Amos UrduGeo 3:2  ”دنیا کی تمام قوموں میں سے مَیں نے صرف تم ہی کو جان لیا، اِس لئے مَیں تم ہی کو تمہارے تمام گناہوں کی سزا دوں گا۔“
Amos UrduGeo 3:3  کیا دو افراد مل کر سفر کر سکتے ہیں اگر وہ متفق نہ ہوں؟
Amos UrduGeo 3:4  کیا شیرببر دہاڑتا ہے اگر اُسے شکار نہ ملا ہو؟ کیا جوان شیر اپنی ماند میں گرجتا ہے اگر اُس نے کچھ پکڑا نہ ہو؟
Amos UrduGeo 3:5  کیا پرندہ پھندے میں پھنس جاتا ہے اگر پھندے کو لگایا نہ گیا ہو؟ یا پھندا کچھ پھنسا سکتا ہے اگر شکار نہ ہو؟
Amos UrduGeo 3:6  جب شہر میں نرسنگا پھونکا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو کسی خطرے سے آگاہ کرے تو کیا وہ نہیں گھبراتے؟ جب آفت شہر پر آتی ہے تو کیا رب کی طرف سے نہیں ہوتی؟
Amos UrduGeo 3:7  یقیناً جو بھی منصوبہ رب قادرِ مطلق باندھے اُس پر عمل کرنے سے پہلے وہ اُسے اپنے خادموں یعنی نبیوں پر ظاہر کرتا ہے۔
Amos UrduGeo 3:8  شیرببر دہاڑ اُٹھا ہے تو کون ہے جو ڈر نہ جائے؟ رب قادرِ مطلق بول اُٹھا ہے تو کون ہے جو نبوّت نہ کرے؟
Amos UrduGeo 3:9  اشدود اور مصر کے محلوں کو اطلاع دو، ”سامریہ کے پہاڑوں پر جمع ہو کر اُس پر نظر ڈالو جو کچھ شہر میں ہو رہا ہے۔ کتنی بڑی ہل چل مچ گئی ہے، کتنا ظلم ہو رہا ہے۔“
Amos UrduGeo 3:10  رب فرماتا ہے، ”یہ لوگ صحیح کام کرنا جانتے ہی نہیں بلکہ ظالم اور تباہ کن طریقوں سے اپنے محلوں میں خزانے جمع کرتے ہیں۔“
Amos UrduGeo 3:11  چنانچہ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”دشمن ملک کو گھیر کر تیری قلعہ بندیوں کو ڈھا دے گا اور تیرے محلوں کو لُوٹ لے گا۔“
Amos UrduGeo 3:12  رب فرماتا ہے، ”اگر چرواہا اپنی بھیڑ کو شیرببر کے منہ سے نکالنے کی کوشش کرے تو شاید دو پنڈلیاں یا کان کا ٹکڑا بچ جائے۔ سامریہ کے اسرائیلی بھی اِسی طرح ہی بچ جائیں گے، خواہ وہ اِس وقت اپنے شاندار صوفوں اور خوب صورت گدیوں پر آرام کیوں نہ کریں۔“
Amos UrduGeo 3:13  رب قادرِ مطلق جو آسمانی لشکروں کا خدا ہے فرماتا ہے، ”سنو، یعقوب کے گھرانے کے خلاف گواہی دو!
Amos UrduGeo 3:14  جس دن مَیں اسرائیل کو اُس کے گناہوں کی سزا دوں گا اُس دن مَیں بیت ایل کی قربان گاہوں کو مسمار کروں گا۔ تب قربان گاہ کے کونوں پر لگے سینگ ٹوٹ کر زمین پر گر جائیں گے۔
Amos UrduGeo 3:15  مَیں سردیوں اور گرمیوں کے موسم کے لئے تعمیر کئے گئے گھروں کو ڈھا دوں گا۔ ہاتھی دانت سے آراستہ عمارتیں خاک میں ملائی جائیں گی، اور جہاں اِس وقت متعدد مکان نظر آتے ہیں وہاں کچھ نہیں رہے گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔
Chapter 4
Amos UrduGeo 4:1  اے کوہِ سامریہ کی موٹی تازی گائیو، سنو میری بات! تم غریبوں پر ظلم کرتی اور ضرورت مندوں کو کچل دیتی، تم اپنے شوہروں کو کہتی ہو، ”جا کر مَے لے آؤ، ہم اَور پینا چاہتی ہیں۔“
Amos UrduGeo 4:2  رب نے اپنی قدوسیت کی قَسم کھا کر فرمایا ہے، ”وہ دن آنے والا ہے جب دشمن تمہیں کانٹوں کے ذریعے گھسیٹ کر اپنے ساتھ لے جائے گا۔ جو بچے گا اُسے مچھلی کے کانٹے سے پکڑا جائے گا۔
Amos UrduGeo 4:3  ہر ایک کو فصیل کے رخنوں میں سے سیدھا نکلنا پڑے گا، ہر ایک کو حرمون پہاڑ کی طرف بھگا دیا جائے گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔
Amos UrduGeo 4:4  ”چلو، بیت ایل جا کر گناہ کرو، جِلجال جا کر اپنے گناہوں میں اضافہ کرو! صبح کے وقت اپنی قربانیوں کو چڑھاؤ، تیسرے دن آمدنی کا دسواں حصہ پیش کرو۔
Amos UrduGeo 4:5  خمیری روٹی جلا کر اپنی شکرگزاری کا اظہار کرو، بلند آواز سے اُن قربانیوں کا اعلان کرو جو تم اپنی خوشی سے ادا کر رہے ہو۔ کیونکہ ایسی حرکتیں تم اسرائیلیوں کو بہت پسند ہیں۔“ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔
Amos UrduGeo 4:6  رب فرماتا ہے، ”مَیں نے کال پڑنے دیا۔ ہر شہر اور آبادی میں روٹی ختم ہوئی۔ توبھی تم میرے پاس واپس نہیں آئے!
Amos UrduGeo 4:7  ابھی فصل کے پکنے تک تین ماہ باقی تھے کہ مَیں نے تمہارے ملک میں بارشوں کو روک دیا۔ مَیں نے ہونے دیا کہ ایک شہر میں بارش ہوئی جبکہ ساتھ والا شہر اُس سے محروم رہا، ایک کھیت بارش سے سیراب ہوا جبکہ دوسرا جُھلس گیا۔
Amos UrduGeo 4:8  جس شہر میں تھوڑا بہت پانی باقی تھا وہاں دیگر کئی شہروں کے باشندے لڑکھڑاتے ہوئے پہنچے، لیکن اُن کے لئے کافی نہیں تھا۔ توبھی تم میرے پاس واپس نہ آئے!“ یہ رب کا فرمان ہے۔
Amos UrduGeo 4:9  رب فرماتا ہے، ”مَیں نے تمہاری فصلوں کو پَت روگ اور پھپھوندی سے تباہ کر دیا۔ جو بھی تمہارے متعدد انگور، انجیر، زیتون اور باقی پھل کے باغوں میں اُگتا تھا اُسے ٹڈیاں کھا گئیں۔ توبھی تم میرے پاس واپس نہ آئے!“
Amos UrduGeo 4:10  رب فرماتا ہے، ”مَیں نے تمہارے درمیان ایسی مہلک بیماری پھیلا دی جیسی قدیم زمانے میں مصر میں پھیل گئی تھی۔ تمہارے نوجوانوں کو مَیں نے تلوار سے مار ڈالا، تمہارے گھوڑے تم سے چھین لئے گئے۔ تمہاری لشکرگاہوں میں لاشوں کا تعفن اِتنا پھیل گیا کہ تم بہت تنگ ہوئے۔ توبھی تم میرے پاس واپس نہ آئے۔“
Amos UrduGeo 4:11  رب فرماتا ہے، ”مَیں نے تمہارے درمیان ایسی تباہی مچائی جیسی اُس دن ہوئی جب مَیں نے سدوم اور عمورہ کو تباہ کیا۔ تمہاری حالت بالکل اُس لکڑی کی مانند تھی جو آگ سے نکال کر بچائی تو گئی لیکن پھر بھی کافی جُھلس گئی تھی۔ توبھی تم واپس نہ آئے۔
Amos UrduGeo 4:12  چنانچہ اے اسرائیل، اب مَیں آئندہ بھی تیرے ساتھ ایسا ہی کروں گا۔ اور چونکہ مَیں تیرے ساتھ ایسا کروں گا، اِس لئے اپنے خدا سے ملنے کے لئے تیار ہو جا، اے اسرائیل!“
Amos UrduGeo 4:13  کیونکہ اللہ ہی پہاڑوں کو تشکیل دیتا، ہَوا کو خلق کرتا اور اپنے خیالات کو انسان پر ظاہر کرتا ہے۔ وہی تڑکا اور اندھیرا پیدا کرتا اور وہی زمین کی بلندیوں پر چلتا ہے۔ اُس کا نام ’رب، لشکروں کا خدا‘ ہے۔
Chapter 5
Amos UrduGeo 5:1  اے اسرائیلی قوم، میری بات سنو، تمہارے بارے میں میرے نوحہ پر دھیان دو!
Amos UrduGeo 5:2  ”کنواری اسرائیل گر گئی ہے اور آئندہ کبھی نہیں اُٹھے گی۔ اُسے اُس کی اپنی زمین پر پٹخ دیا گیا ہے، اور کوئی اُسے دوبارہ کھڑا نہیں کرے گا۔“
Amos UrduGeo 5:3  رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”اسرائیل کے جس شہر سے 1,000 مرد لڑنے کے لئے نکلیں گے اُس کے صرف 100 افراد واپس آئیں گے۔ اور جس شہر سے 100 نکلیں گے، اُس کے صرف 10 مرد واپس آئیں گے۔“
Amos UrduGeo 5:4  کیونکہ رب اسرائیلی قوم سے فرماتا ہے، ”مجھے تلاش کرو تو تم جیتے رہو گے۔
Amos UrduGeo 5:5  نہ بیت ایل کے طالب ہو، نہ جِلجال کے پاس جاؤ، اور نہ بیرسبع کے لئے روانہ ہو جاؤ! کیونکہ جِلجال کے باشندے یقیناً جلاوطن ہو جائیں گے، اور بیت ایل نیست و نابود ہو جائے گا۔“
Amos UrduGeo 5:6  رب کو تلاش کرو تو تم جیتے رہو گے۔ ورنہ وہ آگ کی طرح یوسف کے گھرانے میں سے گزر کر بیت ایل کو بھسم کرے گا، اور اُسے کوئی نہیں بجھا سکے گا۔
Amos UrduGeo 5:7  اُن پر افسوس جو انصاف کو اُلٹ کر زہر میں بدل دیتے، جو راستی کو زمین پر پٹخ دیتے ہیں!
Amos UrduGeo 5:8  اللہ سات سہیلیوں کے جھمکے اور جوزے کا خالق ہے۔ اندھیرے کو وہ صبح کی روشنی میں اور دن کو رات میں بدل دیتا ہے۔ جو سمندر کے پانی کو بُلا کر رُوئے زمین پر اُنڈیل دیتا ہے اُس کا نام رب ہے!
Amos UrduGeo 5:9  اچانک ہی وہ زورآوروں پر آفت لاتا ہے، اور اُس کے کہنے پر قلعہ بند شہر تباہ ہو جاتا ہے۔
Amos UrduGeo 5:10  تم اُس سے نفرت کرتے ہو جو عدالت میں انصاف کرے، تمہیں اُس سے گھن آتی ہے جو سچ بولے۔
Amos UrduGeo 5:11  تم غریبوں کو کچل کر اُن کے اناج پر حد سے زیادہ ٹیکس لگاتے ہو۔ اِس لئے گو تم نے تراشے ہوئے پتھروں سے شاندار گھر بنائے ہیں توبھی اُن میں نہیں رہو گے، گو تم نے انگور کے پھلتے پھولتے باغ لگائے ہیں توبھی اُن کی مَے سے محظوظ نہیں ہو گے۔
Amos UrduGeo 5:12  مَیں تو تمہارے متعدد جرائم اور سنگین گناہوں سے خوب واقف ہوں۔ تم راست بازوں پر ظلم کرتے اور رشوت لے کر غریبوں کو عدالت میں انصاف سے محروم رکھتے ہو۔
Amos UrduGeo 5:13  اِس لئے سمجھ دار شخص اِس وقت خاموش رہتا ہے، وقت اِتنا ہی بُرا ہے۔
Amos UrduGeo 5:14  بُرائی کو تلاش نہ کرو بلکہ اچھائی کو، تب ہی جیتے رہو گے۔ تب ہی تمہارا دعویٰ درست ہو گا کہ رب جو لشکروں کا خدا ہے ہمارے ساتھ ہے۔
Amos UrduGeo 5:15  بُرائی سے نفرت کرو اور جو کچھ اچھا ہے اُسے پیار کرو۔ عدالتوں میں انصاف قائم رکھو، شاید رب جو لشکروں کا خدا ہے یوسف کے بچے کھچے حصے پر رحم کرے۔
Amos UrduGeo 5:16  چنانچہ رب جو لشکروں کا خدا اور ہمارا آقا ہے فرماتا ہے، ”تمام چوکوں میں آہ و بکا ہو گی، تمام گلیوں میں لوگ ’ہائے، ہائے‘ کریں گے۔ کھیتی باڑی کرنے والوں کو بھی بُلایا جائے گا تاکہ پیشہ ورانہ طور پر سوگ منانے والوں کے ساتھ گریہ و زاری کریں۔
Amos UrduGeo 5:17  انگور کے تمام باغوں میں واویلا مچے گا، کیونکہ مَیں خود تمہارے درمیان سے گزروں گا۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔
Amos UrduGeo 5:18  اُن پر افسوس جو کہتے ہیں، ”کاش رب کا دن آ جائے!“ تمہارے لئے رب کے دن کا کیا فائدہ ہو گا؟ وہ تو تمہارے لئے روشنی کا نہیں بلکہ تاریکی کا باعث ہو گا۔
Amos UrduGeo 5:19  تب تم اُس آدمی کی مانند ہو گے جو شیرببر سے بھاگ کر ریچھ سے ٹکرا جاتا ہے۔ جب گھر میں پناہ لے کر ہاتھ سے دیوار کا سہارا لیتا ہے تو سانپ اُسے ڈس لیتا ہے۔
Amos UrduGeo 5:20  ہاں، رب کا دن تمہارے لئے روشنی کا نہیں بلکہ تاریکی کا باعث ہو گا۔ ایسا اندھیرا ہو گا کہ اُمید کی کرن تک نظر نہیں آئے گی۔
Amos UrduGeo 5:21  رب فرماتا ہے، ”مجھے تمہارے مذہبی تہواروں سے نفرت ہے، مَیں اُنہیں حقیر جانتا ہوں۔ تمہارے اجتماعوں سے مجھے گھن آتی ہے۔
Amos UrduGeo 5:22  جو بھسم ہونے والی اور غلہ کی قربانیاں تم مجھے پیش کرتے ہو اُنہیں مَیں پسند نہیں کرتا، جو موٹے تازے بَیل تم مجھے سلامتی کی قربانی کے طور پر چڑھاتے ہو اُن پر مَیں نظر بھی نہیں ڈالنا چاہتا۔
Amos UrduGeo 5:23  دفع کرو اپنے گیتوں کا شور! مَیں تمہارے ستاروں کی موسیقی سننا نہیں چاہتا۔
Amos UrduGeo 5:24  اِن چیزوں کی بجائے انصاف کا چشمہ پھوٹ نکلے اور راستی کی کبھی بند نہ ہونے والی نہر بہہ نکلے۔
Amos UrduGeo 5:25  اے اسرائیل کے گھرانے، جب تم ریگستان میں گھومتے پھرتے تھے تو کیا تم نے اُن 40 سالوں کے دوران کبھی مجھے ذبح اور غلہ کی قربانیاں پیش کیں؟
Amos UrduGeo 5:26  نہیں، اُس وقت بھی تم اپنے بادشاہ سکوت دیوتا اور اپنے ستارے کیوان دیوتا کو اُٹھائے پھرتے تھے، گو تم نے اپنے ہاتھوں سے یہ بُت اپنے لئے بنا لئے تھے۔
Amos UrduGeo 5:27  اِس لئے رب جس کا نام لشکروں کا خدا ہے فرماتا ہے کہ مَیں تمہیں جلاوطن کر کے دمشق کے پار بسا دوں گا۔“
Chapter 6
Amos UrduGeo 6:1  کوہِ صیون کے بےپروا باشندوں پر افسوس! کوہِ سامریہ کے باشندوں پر افسوس جو اپنے آپ کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ ہاں، سب سے اعلیٰ قوم کے اُن شرفا پر افسوس جن کے پاس اسرائیلی قوم مدد کے لئے آتی ہے۔
Amos UrduGeo 6:2  کلنہ شہر کے پاس جا کر اُس پر غور کرو، وہاں سے عظیم شہر حمات کے پاس پہنچو، پھر فلستی ملک کے شہر جات کے پاس اُترو۔ کیا تم اِن ممالک سے بہتر ہو؟ کیا تمہارا علاقہ اِن کی نسبت بڑا ہے؟
Amos UrduGeo 6:3  تم اپنے آپ کو آفت کے دن سے دُور سمجھ کر اپنی ظالم حکومت دوسروں پر جتاتے ہو۔
Amos UrduGeo 6:4  تم ہاتھی دانت سے آراستہ پلنگوں پر سوتے اور اپنے شاندار صوفوں پر پاؤں پھیلاتے ہو۔ کھانے کے لئے تم اپنے ریوڑوں سے اچھے اچھے بھیڑ کے بچے اور موٹے تازے بچھڑے چن لیتے ہو۔
Amos UrduGeo 6:5  تم اپنے ستاروں کو بجا بجا کر داؤد کی طرح مختلف قسم کے گیت تیار کرتے ہو۔
Amos UrduGeo 6:6  مَے کو تم بڑے بڑے پیالوں سے پی لیتے، بہترین قسم کے تیل اپنے جسم پر ملتے ہو۔ افسوس، تم پروا ہی نہیں کرتے کہ یوسف کا گھرانا تباہ ہونے والا ہے۔
Amos UrduGeo 6:7  اِس لئے تم اُن لوگوں میں سے ہو گے جو پہلے قیدی بن کر جلاوطن ہو جائیں گے۔ تب تمہاری رنگ رلیاں بند ہو جائیں گی، تمہاری آوارہ گرد اور کاہل زندگی ختم ہو جائے گی۔
Amos UrduGeo 6:8  رب جو لشکروں کا خدا ہے فرماتا ہے، ”مجھے یعقوب کا غرور دیکھ کر گھن آتی ہے، اُس کے محلوں سے مَیں متنفر ہوں۔ مَیں شہر اور جو کچھ اُس میں ہے دشمن کے حوالے کر دوں گا۔ میرے نام کی قَسم، یہ میرا، رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔“
Amos UrduGeo 6:9  اُس وقت اگر ایک گھر میں دس آدمی رہ جائیں تو وہ بھی مر جائیں گے۔
Amos UrduGeo 6:10  پھر جب کوئی رشتے دار آئے تاکہ لاشوں کو اُٹھا کر دفنانے جائے اور دیکھے کہ گھر کے کسی کونے میں ابھی کوئی چھپ کر بچ گیا ہے تو وہ اُس سے پوچھے گا، ”کیا آپ کے علاوہ کوئی اَور بھی بچا ہے؟“ تو وہ جواب دے گا، ”نہیں، ایک بھی نہیں۔“ تب رشتے دار کہے گا، ”چپ! رب کے نام کا ذکر مت کرنا، ایسا نہ ہو کہ وہ تجھے بھی موت کے گھاٹ اُتارے۔“
Amos UrduGeo 6:11  کیونکہ رب نے حکم دیا ہے کہ شاندار گھروں کو ٹکڑے ٹکڑے اور چھوٹے گھروں کو ریزہ ریزہ کیا جائے۔
Amos UrduGeo 6:12  کیا گھوڑے چٹانوں پر سرپٹ دوڑتے ہیں؟ کیا انسان بَیل لے کر اُن پر ہل چلاتا ہے؟ لیکن تم اِتنی ہی غیرفطری حرکتیں کرتے ہو۔ کیونکہ تم انصاف کو زہر میں اور راستی کا میٹھا پھل کڑواہٹ میں بدل دیتے ہو۔
Amos UrduGeo 6:13  تم لو دبار کی فتح پر شادیانہ بجا بجا کر فخر کرتے ہو، ”ہم نے اپنی ہی طاقت سے قرنَیم پر قبضہ کر لیا!“
Amos UrduGeo 6:14  چنانچہ رب جو لشکروں کا خدا ہے فرماتا ہے، ”اے اسرائیلی قوم، مَیں تیرے خلاف ایک قوم کو تحریک دوں گا جو تجھے شمال کے شہر لبو حمات سے لے کر جنوب کی وادی عرابہ تک اذیت پہنچائے گی۔“
Chapter 7
Amos UrduGeo 7:1  رب قادرِ مطلق نے مجھے رویا دکھائی۔ مَیں نے دیکھا کہ اللہ ٹڈیوں کے غول پیدا کر رہا ہے۔ اُس وقت پہلی گھاس کی کٹائی ہو چکی تھی، وہ گھاس جو بادشاہ کے لئے مقرر تھی۔ اب گھاس دوبارہ اُگنے لگی تھی۔
Amos UrduGeo 7:2  تب ٹڈیاں ملک کی پوری ہریالی پر ٹوٹ پڑیں اور سب کچھ کھا گئیں۔ مَیں چلّا اُٹھا، ”اے رب قادرِ مطلق، مہربانی کر کے معاف کر، ورنہ یعقوب کس طرح قائم رہے گا؟ وہ پہلے سے اِتنی چھوٹی قوم ہے۔“
Amos UrduGeo 7:3  تب رب پچھتایا اور فرمایا، ”جو کچھ تُو نے دیکھا وہ پیش نہیں آئے گا۔“
Amos UrduGeo 7:4  پھر رب قادرِ مطلق نے مجھے ایک اَور رویا دکھائی۔ مَیں نے دیکھا کہ رب قادرِ مطلق آگ کی بارش بُلا رہا ہے تاکہ ملک پر برسے۔ آگ نے سمندر کی گہرائیوں کو خشک کر دیا، پھر ملک میں پھیلنے لگی۔
Amos UrduGeo 7:5  تب مَیں چلّا اُٹھا، ”اے رب قادرِ مطلق، مہربانی کر کے اِس سے باز آ، ورنہ یعقوب کس طرح قائم رہے گا؟ وہ پہلے سے اِتنی چھوٹی قوم ہے۔“
Amos UrduGeo 7:6  تب رب دوبارہ پچھتایا اور فرمایا، ”یہ بھی پیش نہیں آئے گا۔“
Amos UrduGeo 7:7  اِس کے بعد رب نے مجھے ایک تیسری رویا دکھائی۔ مَیں نے دیکھا کہ قادرِ مطلق ایک ایسی دیوار پر کھڑا ہے جو ساہول سے ناپ ناپ کر تعمیر کی گئی ہے۔ اُس کے ہاتھ میں ساہول تھا۔
Amos UrduGeo 7:8  رب نے مجھ سے پوچھا، ”اے عاموس، تجھے کیا نظر آتا ہے؟“ مَیں نے جواب دیا، ”ساہول۔“ تب رب نے فرمایا، ”مَیں اپنی قوم اسرائیل کے درمیان ساہول لگانے والا ہوں۔ آئندہ مَیں اُن کے گناہوں کو نظرانداز نہیں کروں گا بلکہ ناپ ناپ کر اُن کو سزا دوں گا۔
Amos UrduGeo 7:9  اُن بلندیوں کی قربان گاہیں تباہ ہو جائیں گی جہاں اسحاق کی اولاد اپنی قربانیاں پیش کرتی ہے۔ اسرائیل کے مقدِس خاک میں ملائے جائیں گے، اور مَیں اپنی تلوار کو پکڑ کر یرُبعام کے خاندان پر ٹوٹ پڑوں گا۔“
Amos UrduGeo 7:10  یہ سن کر بیت ایل کے امام اَمَصیاہ نے اسرائیل کے بادشاہ یرُبعام کو اطلاع دی، ”عاموس اسرائیل کے درمیان ہی آپ کے خلاف سازشیں کر رہا ہے! ملک اُس کے پیغام برداشت نہیں کر سکتا،
Amos UrduGeo 7:11  کیونکہ وہ کہتا ہے، ’یرُبعام تلوار کی زد میں آ کر مر جائے گا، اور اسرائیلی قوم یقیناً قیدی بن کر جلاوطن ہو جائے گی‘۔“
Amos UrduGeo 7:12  اَمَصیاہ نے عاموس سے کہا، ”اے رویا دیکھنے والے، یہاں سے نکل جا! ملکِ یہوداہ میں بھاگ کر وہیں روزی کما، وہیں نبوّت کر۔
Amos UrduGeo 7:13  آئندہ بیت ایل میں نبوّت مت کرنا، کیونکہ یہ بادشاہ کا مقدِس اور بادشاہی کی مرکزی عبادت گاہ ہے۔“
Amos UrduGeo 7:14  عاموس نے جواب دیا، ”پیشہ کے لحاظ سے نہ مَیں نبی ہوں، نہ کسی نبی کا شاگرد بلکہ گلہ بان اور انجیرتوت کا باغ بان۔
Amos UrduGeo 7:15  توبھی رب نے مجھے بھیڑبکریوں کی گلہ بانی کرنے سے ہٹا کر حکم دیا کہ میری قوم اسرائیل کے پاس جا اور نبوّت کر کے اُسے میرا کلام پیش کر۔
Amos UrduGeo 7:16  اب رب کا کلام سن! تُو کہتا ہے، ’اسرائیل کے خلاف نبوّت مت کرنا، اسحاق کی قوم کے خلاف بات مت کرنا۔‘
Amos UrduGeo 7:17  جواب میں رب فرماتا ہے، ’تیری بیوی شہر میں کسبی بنے گی، تیرے بیٹے بیٹیاں سب تلوار سے قتل ہو جائیں گے، تیری زمین ناپ کر دوسروں میں تقسیم کی جائے گی، اور تُو خود ایک ناپاک ملک میں وفات پائے گا۔ یقیناً اسرائیلی قوم قیدی بن کر جلاوطن ہو جائے گی‘۔“
Chapter 8
Amos UrduGeo 8:1  ایک بار پھر رب قادرِ مطلق نے مجھے رویا دکھائی۔ مَیں نے پکے ہوئے پھل سے بھری ہوئی ٹوکری دیکھی۔
Amos UrduGeo 8:2  رب نے پوچھا، ”اے عاموس، تجھے کیا نظر آتا ہے؟“ مَیں نے جواب دیا، ”پکے ہوئے پھل سے بھری ہوئی ٹوکری۔“ تب رب نے مجھ سے فرمایا، ”میری قوم کا انجام پک گیا ہے۔ اب سے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔
Amos UrduGeo 8:3  رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اُس دن محل میں گیت سنائی نہیں دیں گے بلکہ آہ و زاری۔ چاروں طرف نعشیں نظر آئیں گی، کیونکہ دشمن اُنہیں ہر جگہ پھینکے گا۔ خاموش!“
Amos UrduGeo 8:4  اے غریبوں کو کچلنے والو، اے ضرورت مندوں کو تباہ کرنے والو، سنو!
Amos UrduGeo 8:5  تم کہتے ہو، ”نئے چاند کی عید کب گزر جائے گی، سبت کا دن کب ختم ہے تاکہ ہم اناج کے گودام کھول کر غلہ بیچ سکیں؟ تب ہم پیمائش کے برتن چھوٹے اور ترازو کے باٹ ہلکے بنائیں گے، ساتھ ساتھ سودے کا بھاؤ بڑھائیں گے۔ ہم فروخت کرتے وقت اناج کے ساتھ اُس کا بھوسا بھی ملائیں گے۔“ اپنے ناجائز طریقوں سے تم تھوڑے پیسوں میں بلکہ ایک جوڑی جوتوں کے عوض غریبوں کو خریدتے ہو۔
Amos UrduGeo 8:6  تم کہتے ہو، ”نئے چاند کی عید کب گزر جائے گی، سبت کا دن کب ختم ہے تاکہ ہم اناج کے گودام کھول کر غلہ بیچ سکیں؟ تب ہم پیمائش کے برتن چھوٹے اور ترازو کے باٹ ہلکے بنائیں گے، ساتھ ساتھ سودے کا بھاؤ بڑھائیں گے۔ ہم فروخت کرتے وقت اناج کے ساتھ اُس کا بھوسا بھی ملائیں گے۔“ اپنے ناجائز طریقوں سے تم تھوڑے پیسوں میں بلکہ ایک جوڑی جوتوں کے عوض غریبوں کو خریدتے ہو۔
Amos UrduGeo 8:7  رب نے یعقوب کے فخر کی قَسم کھا کر وعدہ کیا ہے، ”جو کچھ اُن سے سرزد ہوا ہے اُسے مَیں کبھی نہیں بھولوں گا۔
Amos UrduGeo 8:8  اُن ہی کی وجہ سے زمین لرز اُٹھے گی اور اُس کے تمام باشندے ماتم کریں گے۔ جس طرح مصر میں دریائے نیل برسات کے موسم میں سیلابی صورت اختیار کر لیتا ہے اُسی طرح پوری زمین اُٹھے گی۔ وہ نیل کی طرح جوش میں آئے گی، پھر دوبارہ اُتر جائے گی۔“
Amos UrduGeo 8:9  رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”اُس دن مَیں ہونے دوں گا کہ سورج دوپہر کے وقت غروب ہو جائے۔ دن عروج پر ہی ہو گا تو زمین پر اندھیرا چھا جائے گا۔
Amos UrduGeo 8:10  مَیں تمہارے تہواروں کو ماتم میں اور تمہارے گیتوں کو آہ و بکا میں بدل دوں گا۔ مَیں سب کو ٹاٹ کے ماتمی لباس پہنا کر ہر ایک کا سر منڈواؤں گا۔ لوگ یوں ماتم کریں گے جیسا اُن کا واحد بیٹا کوچ کر گیا ہو۔ انجام کا وہ دن کتنا تلخ ہو گا۔“
Amos UrduGeo 8:11  قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”ایسے دن آنے والے ہیں جب مَیں ملک میں کال بھیجوں گا۔ لیکن لوگ نہ روٹی اور نہ پانی سے بلکہ اللہ کا کلام سننے سے محروم رہیں گے۔
Amos UrduGeo 8:12  لوگ لڑکھڑاتے ہوئے ایک سمندر سے دوسرے تک اور شمال سے مشرق تک پھریں گے تاکہ رب کا کلام مل جائے، لیکن بےسود۔
Amos UrduGeo 8:13  اُس دن خوب صورت کنواریاں اور جوان مرد پیاس کے مارے بےہوش ہو جائیں گے۔
Amos UrduGeo 8:14  جو اِس وقت سامریہ کے مکروہ بُت کی قَسم کھاتے اور کہتے ہیں، ’اے دان، تیرے دیوتا کی حیات کی قَسم‘ یا ’اے بیرسبع، تیرے دیوتا کی قَسم!‘ وہ اُس وقت گر جائیں گے اور دوبارہ کبھی نہیں اُٹھیں گے۔“
Chapter 9
Amos UrduGeo 9:1  مَیں نے رب کو قربان گاہ کے پاس کھڑا دیکھا۔ اُس نے فرمایا، ”مقدِس کے ستونوں کے بالائی حصوں کو اِتنے زور سے مار کہ دہلیزیں لرز اُٹھیں اور اُن کے ٹکڑے حاضرین کے سروں پر گر جائیں۔ اُن میں سے جتنے زندہ رہیں اُنہیں مَیں تلوار سے مار ڈالوں گا۔ ایک بھی بھاگ جانے میں کامیاب نہیں ہو گا، ایک بھی نہیں بچے گا۔
Amos UrduGeo 9:2  خواہ وہ زمین میں کھود کھود کر پاتال تک کیوں نہ پہنچیں توبھی میرا ہاتھ اُنہیں پکڑ کر وہاں سے واپس لائے گا۔ اور خواہ وہ آسمان تک کیوں نہ چڑھ جائیں توبھی مَیں اُنہیں وہاں سے اُتاروں گا۔
Amos UrduGeo 9:3  خواہ وہ کرمل کی چوٹی پر کیوں نہ چھپ جائیں توبھی مَیں اُن کا کھوج لگا کر اُنہیں چھین لوں گا۔ گو وہ سمندر کی تہہ تک اُتر کر مجھ سے پوشیدہ ہونے کی کوشش کیوں نہ کریں توبھی بےفائدہ ہو گا، کیونکہ مَیں سمندری سانپ کو اُنہیں ڈسنے کا حکم دوں گا۔
Amos UrduGeo 9:4  اگر اُن کے دشمن اُنہیں بھگا کر جلاوطن کریں تو مَیں تلوار کو اُنہیں قتل کرنے کا حکم دوں گا۔ مَیں دھیان سے اُن کو تکتا رہوں گا، لیکن برکت دینے کے لئے نہیں بلکہ نقصان پہنچانے کے لئے۔“
Amos UrduGeo 9:5  قادرِ مطلق رب الافواج ہے۔ جب وہ زمین کو چھو دیتا ہے تو وہ لرز اُٹھتی اور اُس کے تمام باشندے ماتم کرنے لگتے ہیں۔ تب جس طرح مصر میں دریائے نیل برسات کے موسم میں سیلاب کی صورت اختیار کر لیتا ہے اُسی طرح پوری زمین اُٹھتی، پھر دوبارہ اُتر جاتی ہے۔
Amos UrduGeo 9:6  وہ آسمان پر اپنا بالاخانہ تعمیر کرتا اور زمین پر اپنے تہہ خانے کی بنیاد ڈالتا ہے۔ وہ سمندر کا پانی بُلا کر رُوئے زمین پر اُنڈیل دیتا ہے۔ اُسی کا نام رب ہے!
Amos UrduGeo 9:7  رب فرماتا ہے، ”اے اسرائیلیو، یہ مت سمجھنا کہ میرے نزدیک تم ایتھوپیا کے باشندوں سے بہتر ہو۔ بےشک مَیں اسرائیل کو مصر سے نکال لایا، لیکن بالکل اِسی طرح مَیں فلستیوں کو کریتے سے اور اَرامیوں کو قیر سے نکال لایا۔
Amos UrduGeo 9:8  مَیں، رب قادرِ مطلق دھیان سے اسرائیل کی گناہ آلودہ بادشاہی پر غور کر رہا ہوں۔ یقیناً مَیں اُسے رُوئے زمین پر سے مٹا ڈالوں گا۔“ تاہم رب فرماتا ہے، ”مَیں یعقوب کے گھرانے کو سراسر تباہ نہیں کروں گا۔
Amos UrduGeo 9:9  میرے حکم پر اسرائیلی قوم کو تمام اقوام کے درمیان ہی یوں ہلایا جائے گا جس طرح اناج کو چھلنی میں ہلا ہلا کر پاک صاف کیا جاتا ہے۔ آخر میں ایک بھی پتھر اناج میں باقی نہیں رہے گا۔
Amos UrduGeo 9:10  میری قوم کے تمام گناہ گار تلوار کی زد میں آ کر مر جائیں گے، گو وہ اِس وقت کہتے ہیں کہ نہ ہم پر آفت آئے گی، نہ ہم اُس کی زد میں آئیں گے۔
Amos UrduGeo 9:11  اُس دن مَیں داؤد کے گرے ہوئے گھر کو نئے سرے سے کھڑا کروں گا۔ مَیں اُس کے رخنوں کو بند اور اُس کے کھنڈرات کو بحال کروں گا۔ مَیں سب کچھ یوں تعمیر کروں گا جس طرح قدیم زمانے میں تھا۔
Amos UrduGeo 9:12  تب اسرائیلی ادوم کے بچے کھچے حصے اور اُن تمام قوموں پر قبضہ کریں گے جن پر میرے نام کا ٹھپا لگا ہے۔“ یہ رب کا فرمان ہے، اور وہ یہ کرے گا بھی۔
Amos UrduGeo 9:13  رب فرماتا ہے، ”ایسے دن آنے والے ہیں جب فصلیں بہت ہی زیادہ ہوں گی۔ فصل کی کٹائی کے لئے اِتنا وقت درکار ہو گا کہ آخرکار ہل چلانے والا کٹائی کرنے والوں کے پیچھے پیچھے کھیت کو اگلی فصل کے لئے تیار کرتا جائے گا۔ انگور کی فصل بھی ایسی ہی ہو گی۔ انگور کی کثرت کے باعث اُن سے رس نکالنے کے لئے اِتنا وقت لگے گا کہ آخرکار بیج بونے والا ساتھ ساتھ بیج بونے کا کام شروع کرے گا۔ کثرت کے باعث نئی مَے پہاڑوں سے ٹپکے گی اور تمام پہاڑیوں سے بہے گی۔
Amos UrduGeo 9:14  اُس وقت مَیں اپنی قوم اسرائیل کو بحال کروں گا۔ تب وہ تباہ شدہ شہروں کو نئے سرے سے تعمیر کر کے اُن میں آباد ہو جائیں گے۔ وہ انگور کے باغ لگا کر اُن کی مَے پئیں گے، دیگر پھلوں کے باغ لگا کر اُن کا پھل کھائیں گے۔
Amos UrduGeo 9:15  مَیں اُنہیں پنیری کی طرح اُن کے اپنے ملک میں لگا دوں گا۔ تب وہ آئندہ اُس ملک سے کبھی جڑ سے نہیں اُکھاڑے جائیں گے جو مَیں نے اُنہیں عطا کیا ہے۔“ یہ رب تیرے خدا کا فرمان ہے۔